• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • یارو مجھے معاف رکھو ،میں نشے میں ہوں۔۔۔ملک گوہر اقبال خان رما خیل

یارو مجھے معاف رکھو ،میں نشے میں ہوں۔۔۔ملک گوہر اقبال خان رما خیل

کہتے ہیں ایک شیر ،  بھیڑیا اور ایک لومڑی دوست بن گئے اور شکار کے لیے نکلے۔ انہوں نے گدھے، ہرن اور خرگوش کا شکار کیا۔ شیر نے بھیڑئیے سے کہا کہ شکار کی تقسیم تو کردے۔ اس پر بھیڑیے نے کہا کہ یہ تو کھلی ہوئی بات ہے ،گدھا تیرا، خرگوش لومڑی کا اور ہرن میرا ۔ شیر نے یہ سنتے ہی پنجہ مار کر اس بھیڑیے کا سر تن سے جدا کردیا پھر لومڑی کی طرف متوجہ ہو کر بولا خدا اسے ہلاک کرے تقسیم کے بارے میں یہ کس قدر جاہل واقع ہوا۔

پھر کہا یہ تقسیم تُو کرلے۔۔ لومڑی انتہائی ادب کے ساتھ شیر سے مخاطب ہوئی کہ اے جنگل کے بادشاہ یہ تو بالکل واضح بات ہے کہ گدھا آپ کے ناشتے کے لیے ہے اور ہرن رات کے کھانے کے لیے اور خرگوش کو تو آپ درمیان میں کسی بھی وقت انجوائے کرسکتے ہیں۔ شیر نے کہا ارے کم بخت کتنا اچھا فیصلہ  کیا  تُو نے ، یہ فیصلہ تجھے کس نے سکھایا؟

لومڑی نے کہا میرے آقا بے انصاف بھیڑئیے کا سر میرے سامنے ہے اسی نے سکھایا۔

عزیزانِ من۔ ۔المیہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں آئے دن شیر اور بھیڑیے کی دوستی ہوجاتی ہے اور جب شکار کی تقسیم کا وقت آتا ہے تو شیر دن کے اُجالے میں بھیڑیے کو ظالم اور بے انصاف قرار دے کر اسے اپنے انجام تک پہنچا دیتا ہے۔ اور عوام بیچاری لومڑی کی طرح بھیڑیے کا انجام دیکھ کر سر تسلیم خم کرتے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب خان کے جانشینوں سے دوستی کرلی تھی اور سقوطِ ڈھاکہ میں برابر کا حصہ دار تھا لیکن ابھی وہ حصہ بھٹو صاحب کے حلق سے نیچے بھی نہیں اترا تھا کہ بھٹو صاحب کے گلے میں رسی ڈال کر لٹکا دیا گیا۔ پھر ضیاء الحق صاحب اور نواز شریف صاحب کے دوستی کے چرچے ہونے لگے اور نواز شریف صاحب بڑے مطمئن ہوکر پیپلز پارٹی کو شکار کرتے چلے گئے۔ پھر کیا ہوا ۔ دنیا نے دیکھ لیا۔ شاید یہ ضیاء الحق صاحب کی وہ دعا ہے جو نواز شریف صاحب کو زندہ رکھے ہوئے ہے ،ورنہ پرویز مشرف تو بات یہاں تک پہنچا رہا تھا کہ جس طرح ہرسال رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع ہوتا  ہے اسی طرح مسلم لیگ ن ہر سال رائے ونڈ میں آنجناب شریف کی برسی منائیں۔ اور آصف زرداری صاحب تو کئی ” سنجرانیوں” کی حمایت کرکے دوستی کا ثبوت بھی پیش کرتے رہے لیکن انجام ان کا بھی جیل کے سوا کچھ نہ ہوا۔ اور بیچ بیچ میں تو کئی جونیجو، شوکت عزیز، اور ایم ایم اے وغیرہ والوں نے جمہوریت کے نام پر ان سے دوستیاں کی ہیں لیکن ان کے بھی پلے کچھ نہیں رہا سوائے اس کے اور یہ ان کی خوش قسمتی بھی تھی کہ بھیڑیا بننے سے بچ گئے اور لومڑی بن گئے۔

اس قوم کی بدقسمتی یہ ہے کہ ان کے جملہ سیاستدان ماضی کے واقعات بیان تو کرتے ہیں لیکن اس پر غور نہیں کرتے اور نہ اس سے کچھ سبق حاصل کرتے ہیں۔ آج کپتان نیازی کے سامنے سے تو مکمل فیلڈنگ ہٹا دی گئی ہے اور وہ جارہانہ انداز میں کھیل رہےہیں، اور ایمپائر کی حمایت کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے سنگل رن کو چوکا اور اپنے چوکے کو چھکّا شمار کر رہا ہے۔ نو بال پر بھی مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انہیں پویلین واپس بھیج  رہا ہے۔ اور ان کے” ریویو” لینے پر ایمپائر کے اوپر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کے فیصلے کروا رہا ہے۔ جس کی ایک مثال جج صاحب کی ویڈیو کی  صورت میں آپ ملاحظہ کر چکے ہیں۔ کپتان نیازی کیا سمجھتے ہیں کہ میچ کے اختتام پر ایک بار پھر ٹرافی ہاتھوں میں اٹھا کر پھر   کوئی شوکت خانم  نامی ادارہ بنانے کا ارادہ کریں گے۔ نہیں ۔ ۔۔کپتان صاحب اس مرتبہ آپ کے دوست میچ تو دور آپ کو یہ اننگز بھی پوری کرنے نہیں دیں گے۔ یہ وہ میچ نہیں ہے، آپ اس ملک کی 70 سالہ تاریخ کا بنظر غائر مطالعہ کریں آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ آج آپ جس گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں یہ وہ گراؤنڈ نہیں ہے جس میں آپ کسی زمانے میں کھیلا کرتے تھے۔ کپتان نیازی آپ ہوش کے ناخن لیں ایسا نہ ہو کہ آپ کا انجام بھی لیاقت علی خان مرحوم جیسا ہو۔ جس کے قاتل کو بعد میں ذہنی مریض ڈکلیئر کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ فائل ہمیشہ کے لیے بند کردی  گئی ۔اور اگر آپ کا انجام نواز شریف اور آصف علی زرداری جیسا ہوا تو آپ عوام کو کیا دلیل دیں گے کہ اب کی  بار مجھے کیوں نکالا؟

میرا خیال ہے کہ اس وقت آپ پر ” پنکج اُدھاس” کا یہ گانا بہت سوٹ کرے گا جس کے بول کچھ اس طرح ہیں  کہ” یارو مجھے معاف رکھو میں نشے میں ہوں”

ہم کب تک شیر، بھیڑیے اور لومڑی کا یہ تماشا دیکھتے رہیں  گے اور کب تک ہمارے سیاستدان اس کہانی کے بھیڑیے بن کر شیروں سے دوستی کریں گے جس میں ان کے لیے ہلاکت کے سوا کچھ نہیں ہے۔اور کب تک ہم بحیثیت مجموعی لومڑی کی طرح بھیڑیے کے انجام سے ڈر کر اپنے ملک کی دولت کو ان کے ناشتے اور کھانے کے لیے چھوڑ دیا کریں گے۔ ان شیروں اور بھیڑیوں کے آئے دن کی فلمیں تب ختم ہوں گی جب اس ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔ اور سیاسی استحکام تب آئے گا جب شیر اور بھیڑیے عوام کو شکار کرنے کی غرض سے آپس میں دوستیاں بنانا چھوڑ دیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

آپ انڈیا اور چین کو دیکھیے  آپ بنگلہ دیش کو دیکھ لیں ان کی ترقی کی وجہ ان کے ممالک میں سیاسی استحکام ہے۔ ان کے فیصلے عوامی مینڈیٹ پر ہوتے ہیں ان کے پارلیمنٹ میں اداروں کی کٹھ پتلیاں نہیں ہوتیں  اور سب ادارے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں  اور نہ سیاستدان عوامی مینڈیٹ کے خلاف دھرنے دیا کرتے ہیں کہ جس کا فائدہ کسی اور کو ہو۔ بڑے افسوس کے ساتھ ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ ہمارے ملک کی تباہی کی اصل وجہ سیاسی عدم استحکام ہے۔ کیا اس پر ہمیں اور ہمارے سیاستدانوں کو غور نہیں کرنا چاہیے؟

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply