پاکستان کے اہم اداروں کی جاسوسی کا انکشاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ڈیجیٹل سکیورٹی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ علاقائی سلامتی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے اہم ادارے بین الاقوامی سائبر جاسوسی کی زد میں ہیں جو ممکنہ طور پر کسی ملک کی ایما پر کی جا رہی ہے، جبکہ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سائبر حملے کا کوئی انتباہ موصول نہیں ہوا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کی خصوصی رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل سکیورٹی کمپنی سیمینٹک کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اس نے علاقائی سلامتی کے حوالے سے کام کرنیوالے پاکستانی و بھارتی اداروں کیخلاف ایک مستقل سائبر جاسوسی کا پتہ لگایا ہے جو ممکنہ طور پر کسی ملک کی ایما پر کی جا رہی ہے۔ سیمینٹک کارپوریشن کی جانب سے اس حوالے سے اپنے صارفین کو رواں برس جولائی میں ایک تھریٹ رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کمپنی نے انکشاف کیا تھا کہ جاسوسی کا عمل اکتوبر 2016 سے جاری ہے۔رائٹرز کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ تھریٹ رپورٹ دیکھی ہے تاہم اس میں یہ بات واضح نہیں کہ جاسوسی کس ملک کے کہنے پر کی جا رہی ہے اور کون کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاسوسی کی یہ مہم مختلف گروپس کی جانب سے چلائی جا رہی ہے تاہم جو طریقے استعمال کئے جا رہے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تمام گروپس ایک مقصد اور ایک ہی سمت میں کام کر رہے ہیں اور ان کا سپانسر بھی ممکنہ طور پر ایک ہی ہے لیکن اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ سیمینٹک کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کلائنٹس کو فراہم کئے جانیوالے سائبر حملے کے تجزیے پر تبصرہ نہیں کرتی۔ سیمینٹک نے اپنی رپورٹ میں اس جاسوسی کے پیچھے کارفرما عناصر کی نشاندہی نہیں کی تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ حکومتیں اور افواج جو جنوبی ایشیا میں سرگرم ہیں اور یہاں کے سکیورٹی معاملات سے ان کے مفادات وابستہ ہیں وہ ممکنہ طور پر اس جاسوسی کی زد میں آسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہیکرز کی جانب سے کمپیوٹر فائلز تک رسائی کیلئے جو ضرر رساں سافٹ ویئر استعمال کیا جا رہا ہے اسے اہے ڈور کہا جاتا ہے۔ ہیکرز اس سافٹ ویئر کو مطلوبہ کمپیوٹر پر انسٹال کرنے کے لیے ان دستاویزات کا سہارا لے رہے ہیں جن میں جنوبی ایشیا کی سکیورٹی صورتحال کا تذکرہ ہے اور انہیں رائٹرز، زی نیوز اور دی ہندو وغیرہ نے شائع کیا ہے، جبکہ ان میں عسکری معاملات، کشمیر اور بھارتی علیحدگی پسند تحریکوں کا تذکرہ ہے۔ جب ایک بار یہ سافٹ ویئر مطلوبہ کمپیوٹر پر انسٹال ہو جاتا ہے تو اس کی مدد سے ہیکر فائلز کو ڈائون یا اپ لوڈ کر سکتا ہے، مطلوبہ شخص کی موجودگی کا پتہ لگا سکتا ہے، نجی معلومات چرا سکتا ہے اور سکرین شارٹس وغیرہ لے سکتا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپیارٹمنٹ کی جانب سے سائبر حملے کا کوئی انتباہ موصول نہیں ہوا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply