• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • ڈیلی میل: گندی سیاست کو پاکستان میں ہی رکھیے۔۔۔ انعام رانا

ڈیلی میل: گندی سیاست کو پاکستان میں ہی رکھیے۔۔۔ انعام رانا

آج ایک برطانوی اخبار “میل آن سنڈے” میں برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں برطانیہ سے ملنے والی امداد کے سلسلے میں شہباز شریف اور انکے خاندان کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کا لنک:
https://www.dailymail.co.uk/news/article-7245013/Did-family-Pakistani-politician-STEAL-British-foreign-aid-money-asks-DAVID-ROSE.html?ito=amp_whatsapp_share-top

برطانیہ کے عالمی امداد دینے والے محکمے DFID نے پنجاب کو تقریباً پانچ سو ملین پاؤنڈ کی امداد دی۔ یاد رہے کہ برطانوی ادارہ اپنی آڈٹ رپورٹس میں اس امداد کے درست استعمال پہ تعریف کر چکا ہے۔

اخبار میں شائع زدہ رپورٹ کا سرسری مطالعہ ہی بتا دیتا ہے کہ ڈیوڈ روز کو یہ خبر باقاعدہ فیڈ کی گئی۔ اسکی ملاقات منی لانڈرنگ کے الزام میں قید برطانوی شہری آفتاب سے کروائی گئی، اسے شہباز فیملی پہ لگائے گئے الزامات اور انکوائری   تک سرکاری طور پر رسائی دی گئی اور اخبار کی رپورٹ فقط بیرسٹر شہزاد اکبر کے لگائے الزامات اور انکی مبینہ انویسٹی گیشن رپورٹس کی مدد سے تیار کی گئی۔ رپورٹ میں امداد دینے والا ادارہ صاف صاف بتا رہا ہے کہ اس کا آڈٹ سسٹم بہت مضبوط ہے اور سوائے ایک کیس کے امداد میں کسی قسم کے مالی غبن کی رپورٹ نہیں آئی۔ لیکن اس بات کو ڈاؤن پلے کیا گیا ہے اور شائع شدہ رپورٹ کی ہیڈ لائن انتہائی گمراہ کن ہے۔ خبر پڑھ کر فوراً اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ رپورٹ “فیڈ” کی گئی ہے اور گندی سیاست کا ایک ہتھکنڈا ہے، لیکن کس قیمت پر؟

ڈیلی میل ایک برطانوی نیشنلسٹ اخبار ہے ،جسے اس بات کا شدید صدمہ رہتا ہے کہ برطانوی ٹیکس پیئرز کی رقم سے برطانیہ ہر سال قریب 14 بلین پاؤنڈ “غریب بھوکے ننگے” ملکوں کو امداد کے طور پہ دے کر انکی مدد کیوں کرتا ہے۔ اس اخبار کے لیے تو یہ خبر بلی کے بھاگوں چھینکا ٹوٹا ہے۔ رپورٹ میں انکوائری کا مطالبہ کرتی “پریتی پٹیل” کا نام یہ بتانے کو کافی ہے کہ اس رپورٹ پہ سب سے زیادہ خوشی کسے ہوئی ہے۔ لیکن گندی سیاست کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوے اخبار کو  مدد فراہم کر کے شریف فیملی کو بدنام کرنے کی خواہش کرنے والے بھول گئے کہ اس کا نقصان کیا ہو گا۔

برطانوی حکومت اور ادارے اپنی عوام کو جوابدہ ہیں۔ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ یہ امداد پاکستان کو ملتی رہی اور ملتی ہے ،جو تمام تر کرپشن کے باوجود کسی نا کسی طرح عوام کو کچھ ریلیف دیتی ہے۔ زلزلہ یا دیگر آفات میں ملنے والی امداد بھی ایک غریب ملک کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرتی ہے۔ ایسی رپورٹس جس میں حکومت ِ وقت “سو کالڈ ثبوت” دے کر بتا رہی ہے کہ جو امداد تم بھیجتے رہے ہمارے “کرپٹ” کھا گئے، کیا اثر کرے گی ،شاید کُند ذہن مطلب پرست بھول گئے۔ ایسے ملک کو انٹرنیشنل ڈونر امداد دیتے ہوئے سو بار سوچے گا کہ جس کی حکومت اخباروں کی  ایسی  بے بنیاد  خبروں میں مدد فراہم کر کے ان اداروں کو اپنی عوام کے سامنے کٹہرے میں کھڑا کر دے۔ اسی لیے DFID نے فوری طور پر اس رپورٹ کی شدید تردید کی ہے۔
لنک: https://dfidnews.blog.gov.uk/2019/07/14/uk-aid-rebuts-mail-on-sunday-story-on-support-for-earthquake-victims/

Advertisements
julia rana solicitors

پاکستان کی حکومت اور ان جاہل “انویسٹی گیٹرز” سے گزارش ہے کہ گندی سیاست کے گندے ہتھکنڈے پاکستان کے اندر رکھیے۔ مخالف کو نیچا دکھانے کی خواہش میں ان کے  ہاتھوں استعمال نہ  ہوں جو پاکستان کے سگے نہیں ہیں۔ ایسی حرکات نہ  کیجیے جن کا آپ کو تو وقتی فائدہ ہو گا مگر عوام کو اور پاکستان کو مستقبل میں شدید اور مستقل نقصان ہوگا۔

Facebook Comments

انعام رانا
انعام رانا کو خواب دیکھنے کی عادت اور مکالمہ انعام کے خواب کی تعبیر ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”ڈیلی میل: گندی سیاست کو پاکستان میں ہی رکھیے۔۔۔ انعام رانا

Leave a Reply