فیوض و برکاتِ رن مریدی ۔۔۔ افضل سیٹھار

 

آج چھٹی کا دن تھا۔ گھر میں بیٹھے بٹھائے بلکہ لیٹے لٹائے جذبہِ رن مریدی انگڑائیاں لینے لگا۔ بیگم جو کہ گھر کے کاموں مشغول تھیں، کو آواز لگائی کہ بیگم ہمارے لائق کوئی خدمت ہو تو حکم صادر فرمایا جاوے۔ پہلے تو بیگم کو اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا، پھر تصدیق ہونے پر کہ انہوں نے ٹھیک سنا، چھوٹے موتیوں کی شدید الجھا 15 سے 20 لڑیوں کا گچھا جن کی لمبائی کوئی 2 میٹر رہی ہوگی ہمارے سامنے لاکر پٹخ دیا، اس امید کے ساتھ کہ آج کا دن تو سکون سے گزرے گا۔ مطلب نہ یہ گچھا سلجھے گا اور نہ ہی ہم کسی مزید معاملے میں دخل در معقولات کرنے کی جسارت کر سکیں گے۔

چونکہ ہم جذبہ رن مریدی کی انتہاء پہ تھے تو یہی لگا یہ بھی کوئی کام ہے۔ بس پھر کیا تھا ہم نے وہ گچھا اٹھایا اور گوشہ نشین ہوگئے۔ جب گچھے کو غور سے دیکھا تو چکرا سے گئے۔ گچھا اتنا شدید الجھا ہوا تھا جیسے پاکستانی معیشت۔ تھوڑی دیر تک اسد عمر والی فیلنگز بھی آئیں مگر اس کا انجام دیکھتے ہوئے فوراّ ان خیالات کو دماغ سے نکال باہر پھینکا۔

مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق لڑیوں کو سلجھانے میں جت گیا۔ لڑیاں سلجھاتے سلجھاتے زندگی کے کئی حقائق عیاں ہونا شروع ہوگئے۔ اس عمل کے دوران جو حقیقتیں کھلیں اور جو سیکھا سوچا آپ احباب سے بھی شیئر کر لوں۔

1- مسائل کی گتھیاں جب الجھ جائیں تو یہ خیال دل میں کبھی نہ لائیں کہ یہ سلجھ نہیں سکتیں۔
2- الجھنوں کو یکجا دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار مت ہوں۔
3- تمام الجھنوں کو ایک ساتھ سلجھانے کی کوشش نہ کریں۔
4- ایک وقت میں ایک الجھن کو سلجھائیں۔
5- الجھنوں کو کسی ایک سرے سے سلجھانا شروع کریں۔
6- جب ایک الجھن سلجھنا شروع ہوتی ہے تو اسکے ساتھ دوسری الجھن خود بخود سلجھ رہی ہوتی ہے۔
7- بعض دفعہ ایک الجھن کو جب اعتماد سے سلجھانا شروع کرتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ یہ تو کوئی الجھن ہی نہ تھی۔
8- الجھن کو سلجھاتے وقت جلد بازی کا شکار ہر گز نہ ہوں۔
9- جذباتیت اور طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے۔
10- نرم ہاتھوں سے دھیرے دھیرے گرہیں کھولیں ورنہ گرہیں اور پکی ہوجاتی ہیں۔
11- ایک الجھن کو سلجھاتے وقت کوئی اور الجھن طاری مت کریں۔

دوستو اوپر بیان شدہ گیان صرف ایک دن کی رن مریدی کا فیض ہے۔ سوچیں ہم کتنے ناہنجار ہیں جو ایسے مواقع روزانہ کی بنیاد پر گنواتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

التماس ہے کہ اس فیض سے خود بھی فیضیاب ہوں اور دوستوں کو بھی شیئر کریں۔ یقیناّ شیطان آپ کو ایسا کرنے سے روکے گا مگر امید ہے آپ اس کے بہکاوے میں ہرگز نہیں آئیں گے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply