انسانوں سے پیار کیجیے۔۔۔محمد اسد شاہ

گزشتہ چند ہفتوں سے مجھے اس بات کا شدت سے احساس ہو رہا ہے کہ انسانیت کا رشتہ بہت بڑا رشتہ ہے – سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر عیسائیوں کی مذہبی تقریبات میں 8 مقامات پر بم دھماکوں اور 290 افراد کی ہلاکت نے ہر ذی شعور اور باضمیر انسان کو افسردہ کر دیا ہے – دنیا میں جس قدر بدامنی اور خون خرابہ ہے ، اس کی وجوہات تلاش کرنا اور پھر ان کا تدارک کرنا شاید میرے جیسے کم فہم کے بس میں نہ ہو – لیکن جہاں کہیں بے گناہوں پر ظلم ہو ، اس کو ناپسند کرنا تو دین اسلام نے ہمیں سکھایا ہے – میرے پیارے نبی سیدنا محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ و آلہ و سلم تو حالت جنگ میں بھی کفار کے بے گناہ بچوں ، بوڑھوں ، خواتین ، حتیٰ کہ ان کی فصلوں اور درختوں تک کے احترام کا حکم دیتے تھے – فلسطین ، کشمیر اور برما میں گزشتہ تقریباً 8 دہائیوں سے مسلمان قوم کی باقاعدہ نسل کشی جاری ہے – اس دہشت گردی میں اسرائیل ، بھارت اور برما کی ریاستیں اعلانیہ ملوث ہیں – وہاں کی صیہونی ، ہندو اور بدھ بھکشوؤں کی دہشت گرد تنظیمیں بھی ملوث ہیں – ہم بحیثیت مسلمان ان تاریخی حقائق سے شدید مضطرب ہیں اور ہمیں ہونا بھی چاہیے – بحیثیت مجموعی ، مسلمان ممالک کی حکومتیں اور “عالم اسلام” بے حسی کے مرتکب ہیں – انھیں شاید اس امر کا احساس نہیں ہو سکا کہ یہ صدمہ کتنا گہرا اور کتنا دیرپا ہے – اس معاملے میں صرف مذمتی قراردادوں والے ڈرامے الٹا ، مسلمان ممالک کے عوام کو شرمندہ کرتے ہیں – اللّٰہ ان حکومتوں کو توفیق بخشے کہ وہ مظلوم و مجبور مسلمانوں کی مدد کر سکیں –

Advertisements
julia rana solicitors london

گزشتہ دنوں جب نیو زی لینڈ میں دو مساجد میں صلواۃ الجمعہ ادا کرتے مسلمانوں پر دو دہشت گرد عیسائیوں نے انتہائی خوف ناک حملے کیے ، اور 50 بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا ، تب بھی ہم سب شدید کرب میں مبتلا ہوئے – ہمیں ہمیشہ یہ شکوہ رہتا ہے کہ یورپی میڈیا عموماً مسلمانوں کا خون بہنے پر کسی درد کا اظہار نہیں کرتا – لیکن نیو زی لینڈ کی خاتون وزیراعظم جیسینڈرا آرڈرن نے دنیا کو ایک شان دار روپ دکھایا – انھوں نے جس طرح مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کی عملی مثال قائم کی ، اسے دنیا بھر میں سراہا گیا – مسلمانوں کے دکھ کو ، انھوں نے پورے نیو زی لینڈ کا قومی دکھ بنا دیا – وہاں کے پر امن عیسائی مرد و خواتین نے مسلمانوں کے ساتھ صلواۃ الجمعہ تک کی ادائیگی میں علامتی شمولیت کی – ہر جگہ اذان کی آوازیں بلند ہوئیں اور وہاں کے عوام نے احتراماً کھڑے ہو کر خاموشی سے اذانیں سنیں – اس سب کچھ سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا – ہم سب کو ، اب یہی سوچنا اور طے کرنا ہے کہ انسانوں کو امن کا درس دینا ہے تو ہر انسان کو احترام دینا چاہیے – اسلام نے ہمیں ہر مذہب کی عبادت گاہوں اور ہر مذہب کے پیشواؤں کا احترام سکھایا ہے – ہمیں اپنے عمل سے اس کا اظہار بھی کرنا چاہیے – سری لنکا میں بے گناہ عیسائیوں کے قتل عام پر بھی ہمیں اسی طرح دکھ محسوس کرنا چاہیے – ان کے لواحقین بھی اسی کرب کا شکار ہوئے ہیں ، جس کرب میں نیو زی لینڈ کے مسلمان مبتلا ہوئے – دنیا ساری انسانیت کی مشترکہ جائے قرار ہے – دنیا میں امن کے لیے اللہ سے دعا بھی کیجیے اور سب انسانوں سے پیار بھی کیجیے !

Facebook Comments

محمد اسد شاہ
محمد اسد شاہ کالم نگاری اور تعلیم و تدریس سے وابستہ ہیں - پاکستانی سیاست ، انگریزی و اردو ادب ، تقابل ادیان اور سماجی مسائل ان کے موضوعات ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply