صحت مند زندگی کا راز ۔۔۔ مہر ساجد شاد

زندگی کا دورانیہ جتنا بھی ہو اسے صحت مندی کیساتھ گذارنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے لیکن اس کے لئے درست اور بروقت منصوبہ بندی کی طرف توجہ بہت تھوڑے لوگ ہی دیتے ہیں۔ صحت مند زندگی کے پانچ بنیادی اصول ہیں،
اوّل ؛ عقلمندی سے منتخب کردہ خوراک:
ہر وقت کھانا، سب کچھ کھانا ، اور بےتحاشہ کھانا صحت مند زندگی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اپنے وزن اپنی جسامت، اپنی طرز زندگی کام کاج کی نوعیت کے لحاظ سے درکار توانائی کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب خوراک صحت مند زندگی کی ضامن ہے۔
دوم؛ دانشمندانہ ورزش:
صحت کیلئے ورزش بہت ضروری ہے لیکن اسکو بھی اگر بے وقوفی بے عقلی سے بے تحاشہ طور پر کیا جائے تو الٹا نقصان کا باعث بنتی ہے۔ دانشمندی کیساتھ اپنے وزن، عمر، اور طرز زندگی کے مطابق ورزش کی اقسام اسکا دورانیہ اور خوراک کا پورا پیکج منتخب کیا جائے تو صحت مند رہا جا سکتا ہے۔
سوم؛ مستعد آرام :
صحت مند زندگی کیلئے آٹھ گھنٹےسونا آرام کرنا ضروری قرار دیا جاتا ہے، لیکن پرسکون اور بھرپور نیند کم بھی ہو تو یہ بہت زیادہ آرام سہل پسندی اور نیند کی بہتات سے بہتر ہے۔ لہذا مستعد آرام یعنی اپنے کام مصروفیت اور ضرورت کو مدنظر رکھ کر اپنے آرام اور نیند کے چھوٹے یا بڑے وقفے مقرر کرنا صحت مند زندگی گذارنے کیلئے ایک اہم بنیاد ہے۔
چہارم؛ مناسب حفظان صحت :
صفائی کی عادت والی زندگی حفظان صحت کے اصولوں والی زندگی کہلاتی ہے، اپنے ماحول اور خوراک کو صحت مند رکھنا،روزمرہ کاموں سے پیدا ہونے والی گندگی کی بروقت صفائی ، اور درست طریقے سے تلفی صحت مند زندگی کی ضامن ہے۔
پنجم ؛ مثبت رویہ :
مثبت سوچنا، مددگار و معاون بننے کی کوشش کرنا، دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا صحت مند زندگی کیلے سب سے ضروری جزو ہے۔
دوسروں کی غلطیوں اور زیادتیوں پر افسوس دُکھ غم و غصہ کی گٹھریاں باندھ کر اٹھائے پھرنا دماغی امراض کا باعث بنتا ہے جو جسمانی بیماریوں کو بھی پیدا کر دیتا ہے۔ جبکہ تکلیف دینے اور نقصان پہنچانے والوں کو معاف کر کے درگذر کر کے اپنی زندگی میں سکون خوشی اطمینان کو شامل کرنے سے دماغی اور جسمانی صحت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply