فلم مغل اعظم کی زبان اگر ہندی تھی تو پھر اردو کسے کہتے ہیں؟

ناصر حسین، فلم انڈسٹری کا ایک بہت ہی کامیاب اور مشہور نام ہے۔ ناصر حسین نے اپنے ذاتی پروڈکشن میں جو فلمیں بنائی ہیں ان میں سے بیشتر کے سرٹیفیکٹ اردو زبان میں لیے ہیں۔ ہندی سرٹیفیکیٹ کی وجہ سے بہت ممکن ہے کہ فلم پروڈیوسرز کو بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہوں گے، لیکن ناصر حسین صاحب اور دو ایک پروڈیوسرز ایسے بھی گزرے ہیں جنہوں نے شاید ان فائدوں کا اتنا لحاظ نہیں کیا۔ہندوستانی فلموں کی تاریخ میں یہ اقدام کسی کارنامے سے کم نہیں۔ جس زبان میں کہانی ، مکالمے اور نغمے لکھے جا رہے ہوں، اسے اس کا حق دینا بڑی اعلیٰ ظرفی کا ثبوت ہے۔

اے آر کاردار کے ساتھ ناصر حسین نے مکالمہ نگاری کی ابتدا کی تھی۔ فلمستان اسٹوڈیوز کے لیے انہوں نے ، انارکلی (1958) منیم جی (1955)اور پے انگ گیسٹ (1957) جیسی فلمیں لکھیں۔ ان فلموں کے پروڈیوسر وہ خود نہیں تھے اس لیے ان کے سرٹیفیکیٹ ہندی زبان میں حاصل کیے گئے ہیں۔ اپنے ذاتی پروڈکشن میں انہوں نے ، جب پیارکسی  سے ہوتا ہے (1961)، پھر وہی دل لایا ہوں (1963)، تیسری منزل (1966)، بہاروں کے سپنے (1967)، پیار کا موسم (1969)، کاروان (1971) اور ہم کسی سے کم نہیں (1977) جیسی فلمیں پروڈیوس کیں اور جن میں سے بیشتر کے سرٹیفیکیٹ اردو میں تھے۔

ان فلموں میں کوئی بھی مسلم سوشل فلم نہیں تھی۔ لیکن ان فلموں میں اردو کلچر اپنی پوری توانائی کے ساتھ موجود ہے۔ ‘قیامت سے قیامت تک’، کی مثال ہی لیجیے۔ اگر فلم کا ٹائٹل کسی مسلم سوشل فلم جیسا رکھ دیا جائے، اس کے کرداروں کے نام تبدیل کر دیے جائیں اور فلم کے مکالموں اور نغموں کو کہیں کہیں ذرا سی تبدیلی کے ساتھ ویسے کا ویسا ہی رہنے دیا جائے تو آپ کو کسی بھی قسم کی اجنبیت کا احساس نہیں ہوگا۔ سن 1963 کی ایک فلم ہے “بلف ماسٹر”، من موہن دیسائی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کا سرٹیفیکیٹ بھی اردو میں تھا۔ در اصل بہ اردوزبان کا ڈھالا ہوا وہ کلچر ہے جس سے کسی حال میں مفر نہیں۔

bollywood-urdu-certificate

ناصر حسین صاحب کی فلموں کے اردو سرٹیفیکٹ کے بعد ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ مغل اعظم جیسی فلم کا سرٹیفیکیٹ ہندی میں کیوں ہے؟

کے۔ آصف کی،’مغل اعظم’دیکھنے کے بعد، اردو والوں کو تو خیر جانے دیجیے ، ایسا کون سا غیر اردو داں شخص ہے جو اس ہندوستانی کلاسک فلم کی زبان کو ہندی کہنے کی جسارت کر سکتا ہے؟ لیکن حیرت انگیز بات ہے کہ اسی فلم کے پروڈیوسر، کے۔ آصف، نے مغل اعظم کا سرٹیفیکٹ ہندی میں لیا۔ اسے اس زمانے کا چلن ٹیکنیکل مجبوری، کچھ بھی کہا جا سکتا ہے، لیکن موسیقار اعظم نوشاد صاحب کے بیٹے، رحمان نوشاد نے ، کے آصف، کا ایک بیان میرے علم میں لا کر یہ معمہ بھی حل کر دیا۔ انھوں نے بتایا کہ؛

کے آصف، نے مغل اعظم کا سرٹیفیکیٹ ہندی میں یہ کہہ کر لیا کہ،میرا یقین ہے کہ جو زبان مغل اعظم میں استعمال کی گئی ہے وہ ہندی زبان ہے۔

مغل اعظم کی زبان اگر ہندی ہے تو اردو کسے کہتے ہیں؟

کے آصف کے اس بیان کا تجزیہ کیا جائے تو دو باتیں نکلتی ہیں؛

ایک، مغل اعظم کی زبان و ہ ہندی نہیں جسے عرف عام میں ہندی زبان کہا جاتا ہے۔ بلکہ یہ ‘ہندوی زبان’ ہے، اردو کا ایک پرانا نام ۔

دوسری بات یہ کہ کیا کے آصف، ہندوستانی فلموں میں ، ہندی جیسی کسی زبان کا انکار کر رہے ہیں؟

پہلی بات ہی درست معلوم ہوتی ہے کہ ، کے آصف کے نزدیک مغل اعظم کی زبان ہندی یعنی ہندوی زبان ہے۔

کمال امروہی کی’پاکیزہ’ کا سرٹیفیکیٹ اردو تھا۔ ہرنام سنگھ رویل عرف ایچ۔ ایس ۔ رویل صاحب نے کئی فلمیں بنائیں جن میں ان کی مسلم سوشل فلم ‘میرے محبوب’بھی ہے۔ایچ۔ایس۔رویل کے نام کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ انہوں نے اپنی کئی فلموں کے سرٹیفیکٹ اردو میں لیے ہیں۔ سن 1955 کی ان کی فلم’تیرانداز’ کا سرٹیفیکیٹ اردو میں تھا۔ اس کے بعد’میرے محبوب’ کا سرٹیفیکیٹ بھی اردو ہی میں تھا۔

فلم’میرے محبوب’لکھنؤ کی تہذیب اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جو اردو کے تہذیبی رکھ رکھاؤ کا مرکز سمجھی جاتی ہے، اس فلم کا بھی محور و مرکز بن جاتی ہے۔ فلم کے ہیرو، راجندر کمار، جنہوں نے کئی مسلم سوشل فلموں میں کام کیا اور’جوبلی کمار’کے نام سے مشہور ہوئے، کو شیروانی اور ٹوپی میں دیکھنے کی ایسی عادت ہو گئی کہ بعض اوقات گمان گزرتا ہے کہ ان کا تعلق مسلم طبقے سے ہے۔ کمال کا لہجہ اور تلفظ ۔ برقع میں چھپے ہوئے حسنِ جہاں آرا کے صرف انہوں نے مرمریں ہاتھ دیکھے ہیں اور اس کی تلاش و جستجو میں یونیورسٹی ہال کے اسٹیج سے نغمہ سرا ہیں؛

میرے محبوب تجھے میری محبت کی قسم

پھر مجھے نرگسی آنکھوں کا سہارا دے دے

میرا کھویا ہوا رنگین نظارا دے دے

جدید عہد میں اخلاقی قدریں، زبان و بیان کی چاشنی پر اور اردو کی لفظیات پر لاکھ اثر پڑا ہو لیکن آج بھی ایسا کون سا دل ہے جس کی دھڑکنیں اس منظر نگاری کے جلو میں ان مصرعوں پر بے ترتیب نہ ہو جائیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

(ماخوذ از اردو اور بالی ووڈ، بہ شکریہ ،تعمیر نیوز)

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply