کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ کی فضاءمیں اللہ اکبرکی گونج،ملکی تاریخ میں پہلی بارسرکاری ٹی وی اورریڈیو پر براہ راست اذان،خطبہ اورنماز جمعہ نشرکی گئی۔
کرائسٹ چرچ کی مسجد النور کے سامنے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کی ادائیگی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اور کابینہ ارکان بھی ہیگلے پارک پہنچے۔
نیوزی لینڈ میں سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نماز جمعہ، خطبہ اور اذان نشر کی گئی جبکہ مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 2منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں خطبہ جمعہ میں النورمسجد کے پیش امام نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام دشمنی ایک دن کی بات نہیں،آپ کی قیادت دنیا بھرکے لیے سبق ہے
انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کیلئے نئی زندگی ثابت ہوا، ہمارے دل ٹوٹے ہیں لیکن ہم نہیں ٹوٹے، نیوزی لینڈ کوتوڑا نہیں جاسکتا، ہم ایک ہیں اورنیوزی لینڈ کےعوام کا اظہاریکجہتی غیرمعمولی ہے۔
وزیراعظم جیسنڈا بھی اشکبار ہوگئیں،انہوں نے حضورپاک ﷺ کی حدیث مبارک بھی پڑھ کرسنائی اور کہا کہ مسلمانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
دیگروزرا ءسمیت مختلف مذاہب کے ہزاروں افراد نے بھی مسلمانوں سے عقیدت اور محبت کا اظہار کیا ،غیر مسلم خواتین نے بھی اسکارف پہن کر شرکت کی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں