سری نگر: جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے بدھ کے روز اپنے تین ساتھیوں کو گولی مار دی۔ جس کے نتیجے میں تینوں فوجیوں کی موت ہو گئی ہے۔ حادثہ کی اطلاع سی آر پی ایف کے ایک سینئر افسر نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اودھم پور کے بٹل بالایاں علاقہ میں 187ویں بٹائیل کیمپ میں پیش آیا۔ حادثہ رات تقریبا دس بجے اس وقت ہوا جب کانسٹیبل اجیت کمار نے اپنی سروس رائفل سے اپنے تین ساتھیوں پر گولی چلا دی۔ افسر نے بتایا کہ اس حادثہ میں ملزم جوان نے خود کو بھی گولی ماری ہے، جس کی حالت بےحد سنگین ہے۔
حادثے کے بعد تینوں اہلکاروں کو اسپتال لےجایا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی ہے۔ افسر کے مطابق ملزم کانپور کا رہنے والا ہے۔ جس کی شناخت اجیت کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
وہیں مقتولین کی شناخت راجستھان سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کانسٹیبل پوکرمالہار، دہلی کے یوگیندر شرما اور ہریانہ کے امید سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
افسر کے مطابق اہلکاروں کے بیچ کسی بات کو لے کر پہلے بحث ہوئی اور اس کے بعد اجیت کمار نے انہیں گولی مار دی۔ پولیس فی الحال اس پورے معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ لاشوں کو قبضہ میں لےکر اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ وہیں ملزم اجیت فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں