عجیب قوم ہے یہ پاکستانی۔۔۔۔سید شاہد عباس

پاکستانی بھی بڑی عجیب قوم ہیں۔ یہ دشمن کو پتا ہی نہیں چلنے دیتے کہ ان کے رویے کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔
آپ یقیناً راقم الحروف کی بات سے نہ صرف مکمل اختلاف کا حق رکھتے ہیں بلکہ اس وقت میری اس بے تکی بات پہ قیاس کے گھوڑے بھی دوڑا رہے ہوں گے۔ قیاس کے گھوڑوں کی لگام ذرا کس لیجیے اور سوچ کی راہداریوں میں جھانکیے۔ چند ماہ پہلے سے شروع ہونے والے منظر نامے اور چند دن پہلے کے حالات کو مد نظر رکھ کے اس تحریر کو جانچیے۔

شہباز شریف کا نام ای سی ایل پہ ہے، حمزہ شہباز شریف کو اجازت لے کر باہر جانا پڑ رہا ہے، میاں محمد نواز شریف کے دو صاحبزادگان اشتہاری کا درجہ پا رہے بشمولے میاں صاحب کے سمدھی کے، میاں محمد نواز شریف خود اس وقت جیل یاترا پہ ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعت کے گرد شکنجہ کسا ہوا ہے، کچھ بعید نہیں کہ آنے والے دنوں میں زرداری صاحب شکنجے میں ہوں۔ غیرضیکہ پورے پاکستان میں اس وقت سیاسی صورت حال نہایت دگرگوں ہے۔ ہر کوئی ایک دوجے کی ٹانگیں سیاسی طور پر کھینچنے میں لگا ہوا ہے۔ پنجاب میں بزدار صاحب پہ پھبتیاں کسی جا رہی ہیں۔ سندھ میں مراد علی شاہ کو گرفت میں لانے کی تیاریاں زور پکڑ رہی ہیں۔ کے پی کے کے حالات بھی حوصلہ افزا سیاسی طور پر نہیں ہیں۔ مرکزی سے لے کر صوبائی سطح تک تمام سیاسی پارٹیوں کے راہنما، تمام سیاسی پارٹیوں کے کارکنان، تمام سیاسی پارٹیوں کے حواری و سپورٹران ایک دوسرے سے باہم دست و گریباں ہیں۔

دشمن کو اس صورت حال کا ادراک ہے۔ اُٗس کے ہاں انتخابات کا موسم ہے اور وہاں تو بکتی ہی پاکستان دشمنی ہے جس پہ ووٹ مل جاتے ہیں۔ پلوامہ حملہ ہو جاتا ہے، دشمن کے پاس موقع بھی اچھا ہے وہ دیکھتا ہے یہ تو آپس میں دست و گریباں ہیں یہ بھلا اپنے دفاع کے کہاں قابل ہیں۔ اور سونے پہ سہاگہ کہ مسلح افواج پہ بھی کچھ سر پھرے تنقید سے باز نہیں آ رہے۔ دشمن کو وقت آئیڈیل محسوس ہوتا ہے۔ پلوامہ حملے کا جواز بنا کر مذاق نما فرضی سرجیکل اسٹرائیک کرتا ہے۔ اور اپنے ہاں تاثر دیتا ہے کہ سینکڑوں بندے مار دیے گئے۔ جشن منایا جاتا ہے۔ پھبتیاں کسی جاتی ہیں۔ عوام سے لے کر خواص تک اس رات کی تاریکی میں بھاگنے کو اپنی کامیابی سے تعبیر کر کے خوشی کے شادیانے بجانے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ وہ تصور کیے بیٹھے ہیں کہ اس فرضی سرجیکل اسٹرائیک پہ بھی ہمارے ہاں تنقید برس رہی ہے تو وہ اور خوش ہو جاتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یہاں سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے اور پاکستانیوں کے ایک عجیب قوم ہونے پہ کوئی شک باقی نہیں رہ جاتا۔ دوبارہ دشمن محاذ آرائی کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن کوشش پہ اُسے ایسا جواب ملتا ہے کہ وہ حیران ہو جاتا ہے۔ نہ صرف جہاں دھڑام سے زمین بوس ہو رہے ہیں بلکہ اپنے افسران جنگی قیدی بھی بنوا بیٹھا ہے اور دشمن کی حیرت کی اس وقت انتہا نہیں رہتی جب وہ دیکھتا ہے کہ جو کل تک ایک دوسرے کا گریباں چاک کر رہے تھے باہمی اختلافات میں وہ آج اس حملے میں متحد اور ایک مٹھی کی طرح نظر آ رہے ہیں۔ نفاق کا بیچ بوتے بوتے وہ پوری قوم کو ایک دم سے یکجا کر دیتا ہے اور پاکستانی ہیں بھی عجیب قوم کہ وہ وطن پہ آنچ آتے ہی آپس کے اختلافات بھلا کر ایک ہوجاتے ہیں۔ بھارتی فضائیہ شاید اسی زعم میں تھی۔ لیکن جواب ایسا کرارا ملا ہے کہ اب وار کرتے وقت ہزار دفعہ بھی سوچیں گے۔
واقعی کوئی شک نہیں کہ پاکستانی بڑی عجیب قوم ہیں۔ یہ ایک لمحہ پہلے گریباں چاک کر رہے ہوتے ہیں۔ دوسرے ہی لمحے ایک دوسرے سے جھپیاں ڈالے دشمن کو جلا رہے ہوتے ہیں۔ واہ رئے پاکستانی قوم، بڑی عجیب قوم ہو تم بھی۔
پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد

Facebook Comments

سید شاہد عباس
مکتب صحافت کی پہلی سیڑھی پہ قدم رکھنے کی کوشش ہے۔ "الف" کو پڑھ پایا نہیں" ی" پہ نظر ہے۔ www.facebook.com/100lafz www.twitter.com/ssakmashadi

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply