کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں کارروائی کے دوران معروف بیکری اور ایک کباب ہاؤس کو سیل کردیا۔ کچن کی ناقص صورتحال اور مضر صحت اشیا استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے نے کراچی کے معروف برنس روڈ پر بڑی کارروائی کی۔ وحید کباب ہاؤس پر موجود ناکارہ فریج میں گوشت کو محفوظ کیا گیا تھا، ہوٹل پر موجود خام مال بھی مضر صحت نکلا۔
حکام کے مطابق وحید کباب ہاؤس کی انتظامیہ کو پہلے بھی تین بار وارننگ اور چالیس ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا گیا تھا ، تاہم انتظامیہ نے بہتری کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے۔
برنس روڈ پر ہی دوسری کارروائی میں کئی دہائیوں سے قائم فریسکو بیکری کے کچن کو بھی سیل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق فریسکو بیکری کو پہلے بھی وارننگ لیٹر کے ساتھ پچاس ہزار روپے جرُمانہ عائد کیا جاچکا ہے، لائسنس کے اجراء کی درخواست پر سرپرائز وزٹ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد اشیاء کے نمونے لیب بھیجے جائیں گے، رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز ہوگا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں