مرد حضرات سبزی نہ کھائیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عام لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ سبزی گوشت اور مرغن کھانوں سے بہتر ہوتی ہے، اور بعض مرتبہ تو ماہرین صحت بھی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سبزی کھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔لیکن برطانیہ میں ہونے والی ایک طویل تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ صرف سبزی ہی سبزی کھانا مردوں کے لیے اداسی اور یا ذہنی دباؤ کا سبب بن سکتی ہے۔سائنس ڈائریکٹ نامی سائنس جرنل میں شائع تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) راک ویل میری لینڈ اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹول کے اسکول آف سوشل کمیونٹی میڈیسن کے ماہرین نے 9 ہزار 668 بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔یہ ڈیٹا ایوان لانگٹیڈیونل اسٹڈی آف پیرنٹس اینڈ چلڈرنز (اے ایل ایس پی اے سی) سے حاصل کیا گیا، جس میں تمام عمر اور ہرطرح کے افراد شامل تھے۔تحقیق کاروں نےان افراد کی جانب سے نہ صرف کثرت سے سبزیاں کھانے، بلکہ ان افراد کی رہائش، تنخواہ، کام کی نوعیت، سماجی اہمیت و حیثیت اور گھریلو زندگی کا جائزہ بھی لیا۔ماہرین نے ان افراد میں ایڈنبرگ پوسٹ نٹل ڈپریشن اسکیل (ای پی ڈی ایس) کے طے شدہ پیمانوں کے مطابق ذہنی دباؤ، ذہنی الجھن، ذہنی بیماریوں اور اداسی کا جائزہ لیا۔ماہرین نے ڈیٹا میں شامل سبزیاں کھانے والے افراد کا موازنہ گوشت کھانے والے افراد سے کیا۔ماہرین کے اخذ کردہ نتائج کے مطابق سبزی کھانے والے مرد حضرات میں گوشت کھانے والوں کے مقابلے ذہنی الجھن، ذہنی دباؤ، اداسی یا ڈپریشن 74 فیصد زیادہ پائی گئی۔رپورٹ کے مطابق مردوں کی جانب سے سبزی کھائے جانے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، ان میں سے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ لوگوں نے خود ہی یہ طے کرلیا ہے کہ سبزی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے۔ماہرین نے تجزیہ کیا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگوں کی جانب سے صرف سبزی کھائے جانے کے پیچھے ان کے معاشی مسائل بھی ہوسکتے ہیں، تاہم زیادہ تر لوگ خود سے ہی سبزیوں کو ڈائٹ کے لیے بہتر سمجھ کر کھاتے ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ سبزیاں کئی بیماریوں کے لیے مفید بھی ہیں، لیکن زیادہ سبزیوں میں وٹامن بی 12، بی 6، فولک ایسڈ اور آئرن سمیت دیگر وٹامنز کی کمی ہوتی ہے، جو ذہنی صحت میں مددگار ہوتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق متعدد سبزیوں میں ذہنی صحت میں مددگار وٹامنز کی کمی کے باعث کئی مرد ڈپریشن، اداسی، ذہنی الجھن اور ذہنی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں۔ماہرین نے اپنی رپورٹ میں سبزی کھانے والی خواتین کی صحت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی، اور نہ ہی انہوں نے ان سبزیوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں وٹامن بی 12، بی 6، فولک ایسڈ اور آئرن کی کمی پائی جاتی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply