دی ہیگ:عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کیس میں آج پاکستان جوابی دلائل پیش کرے گا ۔
پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کیخلاف کیس کی سماعت عالمی عدالت انصاف میں شروع ہوگئی ، پاکستان کی جانب سے وکلا ءآج ججز کے روبرو دلائل دیں گے۔
دی ہیگ میں پاکستانی وکلاء کے پاس اپنا موقف پیش کرنے کیلئے 3 گھنٹے کا وقت ہوگا، تحقیقات کے نتیجے میں کلبھوشن کیخلاف سامنے آنے والے حقائق اور عائد الزامات سے متعلق شواہد پیش کئے جائیں گے۔
گزشتہ روز بھارتی وکیل ہریش سالوے عالمی عدالت میں پیش ہوئے تھےلیکن انہوں نے کلبھوشن کی بے گناہی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا البتہ ان کا سارا زور اس بات پر رہا کہ بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہیں دی گئی۔
بھارتی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر دلائل دیئے تو پاکستان کی طرف سے عائد کسی الزام کا جواب نہیں دیا، اس بات کا جواب بھی نہیں دیا گیا کہ کس طرح کلبھوشن پاکستان میں داخل ہوا اور اُس نے کس طرح مبارک حسین پٹیل کے نام کا تصدیق شدہ پاسپورٹ حاصل کیا۔
عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کے کیس کی سماعت 21 فروری تک جاری رہے گی اور اس کیس کا فیصلہ 6 ماہ بعد آئے گا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں