خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4مارچ تک توسیع

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ کیس میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 روز کی توسیع کردی۔ خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، عدالت کے باہر کنٹینر لگا کر راستے بند کر دیئے گئے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نیب حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکیورٹی میں خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا جو ان کی ساتویں پیشی تھی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان کے خلاف ریفرنس کا کیا بنا؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ 90 روز پورے ہونے تک پیراگون کا ریفرنس پیش کر دیا جائے گا۔ عدالت نے تفتیشی حکام کو خواجہ برادران کے خلاف حتمی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا اور جلدی ریفرنس دائر کرنے کے لئے تفتیشی افسر کو بھی جلدی کام کرنے کی ہدایت کی، جبکہ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک 16 روز کی توسیع کردی۔ واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ کیس میں خواجہ برادران کو گزشتہ سال 11 دسمبر کو گرفتار کیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply