• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • جنگی جنون میں مبتلا مودی نے فوج کو حملے کا اختیار دیدیا

جنگی جنون میں مبتلا مودی نے فوج کو حملے کا اختیار دیدیا

وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنا جارحیت پسند چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے بھارتی فوج کو حملے کے لیے کھلی چھوٹ دے دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے جھانسی میں ڈیفنس راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کے دوران جنگی جنون میں مبتلا مودی نے اپنے مذموم مقاصد بیان کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پلوامہ دھماکے کا منصوبہ بنانے والوں پر کسی بھی لمحے اور کسی بھی جگہ حملہ کرنے کی ہدایت کردی۔ بھارتی وزیراعظم نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی اہلکاروں پر خود کش حملے کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے گیدڑ بھبکی دی کہ پاکستان جان لے یہ نیا بھارت ہے اور 130ملین افراد کا ملک مل کر پاکستان کو جواب دے گا۔ نریندرا مودی نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کو ختم کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے ورنہ بھارتی عوام کے غم و غصے کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں رہے گی۔ ہم پاکستان کو عالمی دنیا میں تنہا کر دیں گے اور دھماکا کرنے والے بڑی قیمت چکانے کے لیے تیار رہیں۔ ایک طرف پاکستان پر بھونڈا الزام عائد کرکے بھارتی وزیراعظم نے اپنی انتظامی اور سیکیورٹی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے تو وہیں ان کے جارحانہ بیانات سے خطے کا امن بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مودی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply