لاہور:احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برداران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق،ہفتے کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ کیس کی سماعت کی،نیب کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنماءخواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب تک دائر کیا جائے گا،جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقررہ وقت کے اندر ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔
عدالت نےخواجہ برادران کیخلاف حتمی رپورٹ داخل کرنےکاحکم د یتے ہوئے تفتیشی افسر کو جلد کام کرکے ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے خواجہ برادران کو 4 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ انہیں آج پرانی بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا، حکومت جو کررہی ہے وہ درست نہیں۔
پیشی کے دوران لیگی کارکنان سیکرٹریٹ چوک جمع ہوگئے جو خواجہ برادران کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔
احتساب عدالت میں خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کنٹینر لگاکر راستے بند کردیئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 53روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا،11دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد نیب کی جانب سے خواجہ برادران کو گرفتار کیا گیا تھا۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں