دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نسل پرستانہ جملوں کے معاملے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی عائد کی، جس کے بعد وہ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقایا میچز سمیت تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے ابتدائی دو میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ جبکہ چوتھے ون ڈے میں اب شعیب ملک سرفراز کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے سرفراز احمد پر لگائی گئی پابندی کا باضابطہ طور پر اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔
آئی سی سی نے سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی کپتان آئی سی سی اینٹی ریس ازم کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل فیلوک وایو کو نسلی تعصب پر مبنی جملہ کہا تھا جو انہوں نے سنا بھی نہیں۔
سرفراز احمد نے اپنے جملے پر کھلاڑی سے معافی مانگی اور انہیں اینڈوائل فیلوک وایو نے معاف بھی کیا تاہم اس کے باوجود آئی سی سی نے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی لگادی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں