حکومت نے 50 ممالک کو آن ارائیول ویزا جب کہ 175 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے اعلان کے بعد 50 ممالک کے شہریوں کو پاکستان پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر ویزا کی سہولت دستیاب ہوگی اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئی ویزا پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت 50 ممالک کے شہریوں کو ویزا آن ارائیول جب کہ 175 ممالک کو ای ویزا کی سہولت دی جارہی ہے۔ برٹش اور امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت ہوگی، کوشش ہے کہ نئے پاکستان کی معیشت ٹورازم کے لیے بنیاد بنے۔ طالبعلموں کو مختلف مدت کے ویزے دیے جائیں گے، ڈگری پروگرام کے لیے 2 سال جبکہ ماسٹر پروگرام کے لیے 4 سال کا ویزا دیں گے، اسی طرح صحافیوں کو لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ویزے جاری کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ایوان آمد پر اپوزیشن کا رویہ درست نہیں تھا، شہباز شریف نے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہا اور وزیراعظم کی آمد پر طعنے اور فقرے کسے جاتے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ کا بڑا احترام ہے، اپوزیشن کو بھی وزیراعظم کا احترام کرنا ہوگا۔ جن کی اپنی کوئی حیثیت نہیں وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ آپ کہاں سے آئے، وزیراعظم کی عزت ہم پر مقدم ہے، ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے۔ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ہمارے امریکا کے ساتھ تعلقات کیا تھے، یو اے ای کے ولی عہد 12 سال بعد پاکستان آئے اور آج ہم یورپ اور مشرق وسطیٰ پر کہاں کھڑے ہیں، کوئی 5 ماہ میں ایسا کردار ادا نہیں کر سکتا تھا۔ شہباز شریف اور سعد رفیق کیخلاف نیب کی انکوائری مذاق بن گئی ہے، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں اور پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ ماڈل ٹائون میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا اور ساہیوال واقعہ تو غلطی سے ہوا۔ سندھ والوں کے دل آج کل کمزور ہیں، ان پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں، وزیراعظم سندھ کا دورہ کریں گے، پاکستان کو خطرہ نہیں بلکہ سندھ کے زرداروں کو خطرہ ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں