لاہور:لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پیش نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔جمعے کو احتساب عدالت لاہور کے جج نجم الحسن نے رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اسلام آباد ہیں اس لئے پیش نہیں ہوسکے۔عدالت نے استفسار کیا کہ اگر وہ اسلام آباد ہیں تو راہداری ریمانڈ کی توسیع کیوں نہیں کروائی، سپرنٹنڈنٹ جیل وضاحت دیں۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف راولپنڈی جیل کی تحویل میں ہیں، ان کا راہداری ریمانڈ لینا پولیس کی ذمہ داری ہے۔عدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کیلئے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں