جبری گمشدگی کا ایشو اور قومی ضمیر ۔۔۔۔۔ایمل خٹک

بلوچ مسنگ پرسنز کیلئے جاری دھرنا شدید سردی اور خراب موسم کے باوجود کوئٹہ میں تاحال جاری ہے اور مختلف حوالوں سے وقتاً  فوقتاً  میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خبریں چلتی ہیں ۔ مین سڑیم میڈیا کی بلیک آؤٹ  کے باوجود بیرونی میڈیا اور سوشل میڈیا پر دھرنے کی خبریں چلتی رہتی ہیں ۔ تازہ حوالہ  قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دھرنے کو بزور ختم کرنے کی کوشش تھی جو ناکام ہوگئی ۔ کچھ دن پہلے پشتون تحفظ موومنٹ کے راہنما منظور پشتین نے دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ جانے کی کوشش کی مگر بلوچستان میں ان کے داخلے پر پابندی لگاتے ہوئے حکومت نے کوئٹہ ائیر پورٹ سے انھیں ڈی پورٹ کیا۔

انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے مِسنگ پرسنز یاجبری گمشدگی کا ایشو  پاکستان کا ایک اہم ایشو  ہے ۔ اور ڈس کورس یعنی قومی مباحثے کا اھم حصہ بن گیا ہے ۔ یہ ایشیو کیا ہے ؟ یہ ایشو کیوں اھم ہے ؟ اور ریاستی ادارے اس ایشو  کو حل کرنے سے اجتناب کیوں برتتے  ہیں اور اسے بزور دبانے کی کوشش کیوں کرتے ہیں  ؟ عوامی دباؤ کے باوجود اس مسئلے پر حکومت کیوں بے بس نظر آرہی ہے ؟ اس ایشو  کو دو حوالوں سے اٹھایا جارہا ہے ۔ ایک تو دہشت گردی کے الزام میں ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں  جن کے حق کیلئے آمنہ جنجوعہ کی سربراہی میں ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان نامی تنظیم آواز اٹھا رہی ہے ۔ جبکہ دوسرے سیاسی بنیادوں پر جیسے بلوچ ، سندھی ، مہاجر اور پشتون لاپتہ افراد ہیں ۔ جن کی بازیابی یا حقوق کیلئے بلوچ وائس فار بلوچ مِسنگ پرسنز , پشتون تحفظ موومنٹ اور کئی دیگر قوم پرست گروپ تحریک چلا رہے  ہیں ۔

tripako tours pakistan

سیاسی اور سول سوسائٹی اداروں کے باربار مطالبات اور دباؤ پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2010 میں جسٹس ریٹائرڈ منصور عالم کی سربراہی میں جبری گمشدگی کے حوالے سے پہلی انکوائری کمیشن بنائی۔ دوسری انکوائری کمیشن مارچ 2011 میں جسٹس فضل رحمن کی سربراہی میں قائم کی گئی ۔ اور گزشتہ سات سال سے انکوائری کمیشن ان فورسڈ ڈس اپیئرنس کام کر رہی ہے ۔ کمیشن کے پاس مارچ 2011 سے تیس ستمبر 2018 تک 5507 کیسز آئے جن میں 3555 کیسز پر کارروائی کی گی ۔ 2789 افراد کا پتہ لگایا گیا جبکہ 846 افراد کے کیسز کو یا نامکمل ایڈریس یا وہ جبری گمشدگی کی کیٹیگری میں نہیں آتے تھے اس وجہ سے ان کے ناموں کو مِسنگ پرسنز کی  فہرست سے نکالا گیا ۔

جہاں تک خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کی جبری گمشدگی کا تعلق ہے تو کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ گمشدگی کے کیسز  خیبر پختونخوا (2093 ) ، دوسرے نمبر پر سندھ (1383) تیسرے نمبر پر پنجاب (1135) چوتھے بلوچستان ( 132) اور پانچویں نمبر پر فاٹا (102) سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ سول سوسائٹی ادار کمیشن کی جبری گمشدہ افراد کی اعداد وشمار کو چیلنج کرتی ہے ۔ ان کے مطابق گمشدہ افراد کی تعداد اس سے کئی  گنا زیادہ ہے ۔ اس لئے کمیشن کے  اعداد وشمار کئی حوالوں سے نامکمل اور مسئلے  کی شدت کی صحیح  عکاسی نہیں کرتی ۔ بدقسمتی سے جبری گمشدگی کا سلسلہ ابھی تک بند نہیں ہوا بلکہ گمشدگی کے   تازہ واقعات بھی رپورٹ ہورہے ہیں ۔ سال 2018 میں صرف اگست کے مہینے میں 59 کیس درج ہوئے۔

سب سے زیادہ جبری گمشدگی خیبر پختونخوا  اور قبائلی علاقوں سے ہے ۔ خود فوجی ترجمان نے حال ہی میں بتایا کہ پی ٹی ایم نے حکومت کو سات سے نو ہزار مِسنگ پرسنز کی فہرست دی ہے ۔مسنگ پرسنز کے کیسز میں پشاور ہائی کورٹ نے قانونی شرائط اور میرٹ کے مطابق بڑے جرات مندانہ فیصلے کیے  ہیں ۔عدالتی دباؤ پر 2011 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھ ہزار جبری گمشدہ افراد کو خصوصی حراستی مراکز میں منتقل کرنا شروع کیا۔ جنوری 2014 تک تین ہزار لاپتہ افراد کا پتہ لگایا گیا اور 1270 کو آزاد کرایا گیا ۔ پی ایچ سی کی ویب سائیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اگست 2018 کی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً دو ہزار افراد پیتام، فضاگٹ، ملاکنڈ ، کوھات ، لکی مروت ، غلنئ اور لنڈی کوتل کے مخصوص حراستی مراکز میں بند ہیں ۔ ۔

جبری گمشدگی کے حوالے سے جو بھی تحقیق یا عدالتی کاروائی ہوئی ہے تو اکثر مِسنگ پرسنز کو اٹھانے اور غیرقانونی حراست میں رکھنے کے عمل میں ریاستی ادارے ملوث پائے گئے ہیں۔ ان اداروں کو جن افراد پر کسی جرم کا شبہ  ہوتا ہے مروجہ قانونی طریقہ کار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اٹھاتے ہیں اور انھیں خفیہ تفتیشی مراکز میں رکھتے ہیں ۔ بعض جبری گمشدہ افراد دوران تفشیش بدترین تشدد یا تفشیش کے بعد پرسرار حالت میں مارے جاتے ہیں ۔ اور ان کی مسخ شدہ لاشیں ویرانے میں پھینکی جاتی ہیں  ۔ ملک کا آئین اور قانون شہریوں کو غیرقانونی حراست اور تشدد سے تحفظ اور کسی بھی الزام یا شک کی صورت میں ان کے خلاف انصاف پر مبنی قانونی کاروائی کی ضمانت دیتا ہے ۔ اور ان کو صفائی اور اپنے   دفاع کا حق حاصل ہوتا ہے ۔ جبکہ  جبری گمشدہ افراد کے  کیسوں میں ماورائے قانون اور عدالت عمل ھوتا ہے۔ اس عمل کی کسی بھی مہذب معاشرے میں اجازت نہیں ۔

جس طرح نقیب اللہ محسود اور طاہر داوڑ کے کیسز میں ھم نے دیکھا کہ اکثر بیگناہ افراد کو اٹھایا جاتا ہے اور ان کو مارا جاتا ہے ۔ اکثر ان کو اٹھانے یا حراست میں لینے کیلئے کوئی مروجہ قانونی طریقہ یعنی ایف آئی آر یا عدالتی ریمانڈ نہیں لیا جاتا ۔ دونوں کیسوں میں ھم نے شدید عوامی ردعمل دیکھا ۔ چونکہ طاہر داوڑ ایک فرض شناس پولیس افسر تھے اس وجہ سے ان کی بہیمانہ شہادت سے پشتون سرکاری افسران خاص کر پولیس میں غم وغصہ اور بددلی پھیلی ہے ۔ ناحق اور بیگناہ خون جب اور جہاں بھی بہتا ہے اس سے نفرت کی تخم ریزی ہوتی ہے۔ اور عوام میں نفرت اور مایوسی بڑھتی ہے ۔ ماورائے عدالت اور قانون اقدامات سے اداروں کی ساکھ خراب اور عوام اور اداروں کے بیچ دوریاں بڑھتی ہیں۔

جبری   گمشدہ  افراد کے حق میں اور ان کی بازیابی یا ان کے ساتھ قانونی سلوک کیلئے جو افراد یا ادارے آواز اٹھاتے ھیں ان کو حراساں کیا جاتا ہے ڈرایا دھمکایا جاتا ہےاور پابند سلاسل کیا جاتا ہے ۔ غیرقانونی کام کرنے والوں کو غلط کام سے روکنے یا متاثرہ افراد کی داد رسی کی بجائے ریاستی ادارے الٹا بے انصافی کی نشاندہی اور ان کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو دبانے کی کوشش کرتے ھیں ۔ بسا اوقات مِسنگ پرسنز کے کیسز میں عدالتی کاروائی یا فیصلے ریاستی ادروں کی خفگی کا باعث بنتے ھیں اور دبے الفاظ یا کھلم کھلا اس پر ناراضگی کا اظہار بھی کرتے ھیں ۔

ریاستی ادارے اکثریہ تاثر دیتے ھیں کہ گمشدہ افراد کے حق میں آواز  اٹھانے والے دہشت گرد کے حامی اور دہشت گرودں یا قانون توڑنے والے افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے ھیں ۔ اگر گرفتاری یا حراست قانون اور مروجہ طریقہ کار کے مطابق ھو تو کسی کو بھی کسی شہری کی گرفتاری یا حراست میں لینے پر اعتراض نہیں ہے۔ زیادتی یا بے انصافی کی صورت میں کوئی بھی شہری عدالت سے رجوع کرسکتا ہے ۔ مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب مروجہ قانونی طریقہ کار یہ عدالتی کارروائی کو بالائے طاق رکھ  کر کسی کو اٹھایا جاتا ہے ۔ بغیر مروجہ قانونی کارروائی کے کسی شہری کا اغوا یا قتل جرم ہے ۔ قانون پسند معاشروں میں چاہے مقصد کتنا ہی اعلی  و  ارفع کیوں نہ ھو کسی کو بھی قانون کو بالائے طاق رکھ کر شہریوں کا  اغوا یا قتل جرم سمجھا جاتا ہے ۔ جرم جرم ھوتا ہے چاہے ریاستی ادارے کریں یا شہری کریں ۔ اگر کوئی قانون اور آئین کو نہیں مانتا تو یہ سراسر سینہ زوری اور بدمعاشی ہے۔

ایمل خٹک
ایمل خٹک
ایمل خٹک علاقائی امور ، انتہاپسندی اور امن کے موضوعات پر لکھتے ھیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *