اسلام آباد:سابق وزیراعظم نوازشریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سےکوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق،منگل کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔
نیب حکام نے نوازشریف کی لاہورمنتقلی کیلئے روبکاراڈیالہ جیل حکام کوفراہم کی جس کےبعد نوازشریف کوسخت سیکیورٹی حصارمیں ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
نیب ٹیم نوازشریف کوخصوصی طیارے کے ذریعے بے نظیرائیرپورٹ سے لاہورکیلئے لے کرروانہ ہوئی ۔
نوازشریف کواڈیالہ جیل میں قیدرکھا گیا،جہاں انہوں نے گزشتہ روز جیل بھیجے جانے کے بعد رات اڈیالہ جیل میں گزاری، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نوازشریف کی سیکیورٹی پر 6 اہلکار تعینات رہے۔
نواز شریف کی لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے موقع پر اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی، ایلیٹ فورس اور جیمر گاڑی پہنچا دی گئی۔
اس موقع پر علی الصبح ہی مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگئے جنہوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے،آج نواز شریف کی سالگرہ بھی ہے اس کے سلسلے میں نون لیگ کے کارکنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نیب ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جبکہ عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کو بری کیا۔
سابق وزیراعظم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے کوٹ لکھپت بھیجنے کے احکامات جاری کئے جائیں جس پر جج ارشد ملک نے ان کی درخواست منظور کرلی تھی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں