لیجنڈ آف مولا جٹ کے ٹریلر پرتاثرات

فواد، ماہرہ اور حمزہ علی عباسی کی نئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پہلا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا، جسے دیکھنے کے بعد مداحوں اور سلیبرٹیز کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ منٹ 22 سیکنڈز کے دورانیے پر مشتمل فلم کا ٹریلر مکمل طور پر ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ہے، جس میں فواد خان مولا جٹ اور حمزہ علی عباسی نوری نتھ کے کردار میں پرفیکٹ نظر آئے۔ اس ٹریلر میں ایکشن کے ساتھ رومانس کا تڑکا بھی نظر آیا جبکہ مولا جٹ اور نوری نتھ کی لڑائی نے بھی مداحوں کو دانتوں میں انگلیاں دبانے پر مجبور کردیا۔ ٹریلر دیکھنے کے بعد لیجنڈ آف مولا جٹ کی کہانی  1979 میں بننے والی فلم مولا جٹ کی سے کافی مختلف معلوم ہو رہی ہے۔ فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی  #The Legend of MaulaJatt  ٹویٹر اور گوگل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور مداحوں کے تبصروں سے ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ انہیں یقین ہی نہیں آرہا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے۔ شائقین کی جانب سے فلم کی سینماٹوگرافی کو بھی شاندار قرار دیا جارہا ہے۔ عام شائقین کے ساتھ کئی مشہور پاکستانی اور بھارتی شخصیات نے بھی فلم کا ٹریلر دیکھ کر ٹویٹ کی، جن میں علی ظفر، فیروز خان، کبریٰ خان اور بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ بھی شامل ہیں۔ اداکار فیروز خان نے تو اپنی بہن حمائمہ ملک کی فلم کا ٹریلر دیکھ کر نہ صرف تعریفوں کے پل باندھے بلکہ بہن کے لئے محبت اور کامیابی کی دعا بھی کی۔  بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے بھی لیجنڈ آف مولا جٹکا ٹریلر دیکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ لیجنڈ آف مولا جٹ کو پاکستان کی مہنگی ترین فلم قرار دیا جارہا ہے، جس کا اندازہ اس میں لگائے گئے سیٹس اور بہترین سینماٹوگرافی سے بھی ہو رہا ہے۔بلال لاشاری کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں فواد اور ماہرہ کے علاوہ حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، گوہر رشید، فارس شفیع، شفقت چیمہ، نیئر اعجاز اور صائمہ بلوچ بھی شامل ہیں۔  یہ فلم اگلے برس عید الفطر پر نمائش کے لئے پیش کی جائے گی، جسے پاکستانی اور چینی سینمائوں میں بیک وقت ریلیز کیا جائے گا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply