خدا کی تجلی تجلی کا رنگ

دنیا کا ہر رنگ اپنی جگہ خوبصورت ہے، یہ دنیا رنگوں کا آمیزہ ہے، یہ دیدہ زیب و خوشنما جہان رنگوں سے ہی سجایا گیا ہے یہاں کوئی بھی رنگ برا نہیں ہوتا. کالا، سفید، لال، نیلا، ہرا، سنہری اور دیگر تمام رنگ اپنی اصل میں خوبصورتی ہیں. کالے رنگ کو عموماً برا سمجھا جاتا ہے لیکن فرض کریں اگر کوئی شخص کالا رنگ نہ دیکھ سکتا ہو تو وہ کتنی خوبصورت چیزیں دیکھنے سے محروم رہے گا مثلاً راستہ کاٹتی کالی بلی، غلاف کعبہ، شاخ پہ بیٹھی مینا، سیاہ زلف، کالے ماربل کے چمکتے فرش، پیانو کے ترتیب سے لگے کالے بٹن، غزال آنکھیں، برفیلے میدان میں مستی کرتے پینگوئن، کتاب کے کالے حروف، اماوس کی رات کا فلک اور رخسار پہ تل….

رنگ ہی زندگی ہیں، رنگ ہی خوبصورتی ہیں، رنگ ہی پہچان ہیں. سید جعفری کا اپنا رنگ ہوتا ہے، طفیل معاویہ کا اپنا رنگ ہوتا ہے، سہیل عطار کا اپنا اور خشونت سنگھ کا اپنا رنگ ہوا کرتا ہے. جوسف ڈیسوزا اور سوامی نارائن اپنے اپنے رنگوں سے پہچانے جاتے ہیں، نقاشِ زمانہ اپنا تجربہ یوں بیان کرتا ہے کہ سفید اور کالا رنگ مفاہمت کرتا آیا ہے لیکن سبز اور سرخ نے مل کر ہمیشہ کالک ہی پیدا کی ہے. یہ سب تشبیہات تو خاص فہم والوں کے لئے ہیں جبکہ عام سا پیغام یہی ہے کہ کوئی رنگ برا نہیں ہوتا، کوئی رنگ قابل نفرت نہیں ہوتا.

اپنے پسندیدہ رنگ کی نمائش بالکل کیجئے مکمل اجازت ہے، لیکن دوسرے کے رنگ میں اس کی مرضی کے بغیر اپنے رنگ کی پچکاری نہ ماریے. آپ کا رنگ بلاشبہ بہترین ہو گا لیکن اسے دوسروں کے دروازے پہ دستک دے دے کے دکھانا کہاں کا انصاف ہے.. اپنے پسندیدہ رنگ کے خریدار ڈھونڈیئے اور انہیں ہی اپنے رنگ بیچئے..جان رکھیں کہ بیوہ کو بار بار سندور دکھانا اخلاقیات کے منافی ہے..

میں آپ کے پسندیدہ رنگ کا احترام کرتا ہوں آپ میرے رنگ کو گالی نہ دیں. یہ جو روشنی ہوتی ہے یہ تب ہی پیدا ہوتی ہے جب سب رنگ آپس میں مل جائیں. یارِ من “معصوم صاحب” نے کہا تھا کہ سفید روشنی کا اپنا کوئی رنگ نہیں ہوتا یہ تو سب رنگوں کا مجموعہ ہے، تجلی سفید روشنی کا نام ہے، تجلی سب رنگوں کے امتزاج میں پوشیدہ ہے. تجلی خدا کا وجود ہے اور اس تجلی کا رنگ محبت کا رنگ ہے.

Advertisements
julia rana solicitors london

معصوم صاحب پھر دہراتے ہیں کہ تجلی کا اپنا کوئی رنگ نہیں ہوتا یہ تو دراصل سب رنگوں کا آمیزہ ہوتا ہے رنگوں میں بگاڑ جدل پیدا کرتا ہے جبکہ سب رنگوں میں محبت اور ایکتا سے ہی سفید روشنی پیدا ہوتی ہے. سفید روشنی ہی محبت ہے. سفید روشنی ہی تجلی ہے. رنگ زبردستی ملاپ نہیں کرتے، رنگ آپس میں ملنے کے لئے محبت کا تریاق چاہتے ہیں محبت بانٹئے رنگوں کا احترام بانٹئے..

Facebook Comments

ثاقب الرحمٰن
چند شکستہ حروف ، چند بکھرے خیالات ۔۔ یقین سے تہی دست ، گمانوں کے لشکر کا قیدی ۔۔ ۔۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply