اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی بحریہ کے مطابق ان کے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس جان مکین کی سنگاپور کے نزدیک آئل ٹینکر سے ٹکر کے نتیجے میں عملے میں شامل پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں اور دس لاپتہ ہیں۔یو ایس ایس جان مکین سنگاپور کے مشرقی ساحل سے گزرتے ہوئے بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا جب لابیئریا کے جھنڈے سے مزین آئل ٹینکر سے اس کی ٹکر ہوئی۔امریکی بحریہ کے بیڑے، سیونتھ فلیٹ کے جانب سے جاری کیے گیے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو ایس ایس جان مکین اب سنگاپور کی بحریہ کی چانگی نیول بیس پر پہنچ چکا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا: ‘جہاز کے بیرونی حصے کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے جہاز کے کئی اہم حصوں میں پانی بھر گیا ہے۔ عملے کی فوری کارروائی سے مزید نقصان روک لیا گیا۔آلنک ایم سی نامی آئل ٹینکر کے عملے میں سے ایک فرد نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاز 12000 ٹن تیل تائیوان سے سنگاپور لے جا رہا تھا لیکن حادثے سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی تیل کا ضیاع ہوا اور تمام عملہ محفوظ ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کو خاطر خواہ نقصان پہنچا ہے جبکہ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں۔امریکی فوج کے ہیلی کاپٹرز اور سنگاپور کی بحریہ اور کوسٹ گارڈز ان کارروایئوں میں مدد کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ہوا جب امریکی بحریہ کا جہاز سنگاپور کی بندرگاہ پر پہنچنے والا تھا۔سنگاپور کی میری ٹائم اتھارٹی نے بھی اپنے پیغام میں کہا ‘سنگاپور سٹریٹ اس حادثے سے متاثر نہیں ہوئی ہے اور آئل ٹینکر سے تیل خارج نہیں ہوا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں