کراچی:سپریم کورٹ نے کراچی میں رفاہی پلاٹوں ، پارکس اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
بدھ کو سپریم کورٹ رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی لارجر بینچ نے کراچی تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کی، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
اِس دوران اٹارنی جنرل ، ایڈووکیٹ جنرل اور میئر کراچی نے مشترکہ رپورٹ پیش کی،جس پر عدالت نے رفاہی پلاٹوں، پارکس اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت متاثرین کی بحالی اورمتبادل جگہ فراہم کرے گی۔
دوران سماعت جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے سندھ حکومت آنکھ بند کرکے بیٹھی تھی جو شہر تباہ ہو گیا،صوبائی حکومت 20کروڑ روپے کے ایم سی کو ملبا اُٹھانے کیلئے جاری کرے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کسی کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرے گی مگر آپریشن قانون کے عین مطابق ہونا چاہیے ،کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
عدالت نے غیر قانونی تعمیر ہونے والے مکانوں کو منہدم کرنے کیلئے 6ہفتے کا نوٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
سپریم کورٹ نے لُنڈا بازار کے تاجر الائنس کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے جو ناجائز بیٹھا ہے اس کی کوئی حمایت نہیں کرے گا،غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ کرنے والے ناسور ہیں،کوئی خیبرپختونخوا تو کوئی بلوچستان سے آکر مافیا بنالیتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا سندھ ہائیکورٹ رفاہی پلاٹوں پر حکم امتناع والے کیسز 15دن میں نمٹا دےاگر حکم عدولی ہوئی تو کارروائی کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں