• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ایئرپورٹ عملے سے بدتمیزی: گلگت بلتستان کے وزیر کو تحریری معافی نامہ جمع کروانے کا حکم

ایئرپورٹ عملے سے بدتمیزی: گلگت بلتستان کے وزیر کو تحریری معافی نامہ جمع کروانے کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے سے بدتمیزی کرنے کے معاملے پر تحریری معافی نامہ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔خیال رہے کہ خراب موسم کے باعث پرواز منسوخ ہونے پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے گذشتہ دنوں اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتجاجاً اپنی جیکٹ جلائی تھی اور پی آئی اے حکام کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 16 نومبر کو چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا تھا، تاہم 17 نومبر کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر صوبائی وزیر فدا حسین کی عدم موجودگی کی بناء پر سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آج ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت میں واقعے کی موبائل ویڈیو کو اسکرین پر چلایا گیا۔چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین سے استفسار کیا کہ ‘آپ پڑھے لکھے آدمی ہیں؟کیا آپ نے دھکے مارے؟’فدا حسین نے جواب دیا کہ ‘جی میں نے دھکے مارے’۔جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‘کیا آپ اُس وقت ہوش میں تھے؟’جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ‘آپ نے کار سرکار میں مداخلت کی، ایئرپورٹ پر ایک غریب آدمی کی تضحیک کی گئی، آئی جی پولیس کو بلا کر آپ پر پرچہ درج کرائیں گے’۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے کہا کہ ‘پنجاب پولیس وزیر پر مقدمہ درج کرے اور تفتیش کرے’۔جس پر وزیر سیاحت گلگت بلتستان نے موقف اختیار کیا کہ ‘میرا دھکے دینے کا مقصد بد نیتی پر مبنی نہیں تھا، میں نے دھکا دیا لیکن اس کے پیچھے ایک کہانی ہے’۔وزیر سیاحت فدا حسین نے مزید کہا کہ ‘دو دن سے پرواز گلگت نہیں بھیجی جا رہی تھی، میں اپنے رویے پر معذرت خواہ ہوں’۔سماعت کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کو تحریری معافی جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply