پاکستانی جھنڈا لہرانے پر سلمان خان تنازعہ کا شکار

بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنی فلم بھارت کی وجہ سے نئے تنازع کا شکار ہوگئے۔ بالی وڈ کے سلطان سلمان خان اور کترینہ کیف ان دنوں فلم بھارت کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فلم کی کہانی تو ابھی منظر عام پر نہیں آئی، تاہم فلم میں واہگہ بارڈر کے مناظر بھی شامل ہیں۔ لیکن سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے واہگہ بارڈر پر شوٹنگ کرنا ممکن نہیں تھا ، لہٰذا فلم کی ٹیم نے بھارتی پنجاب کے ایک گائوں میں مقامی پنچایت کی مدد سے واہگہ بارڈر کا سیٹ لگایا ۔ گائوں کے مقامی کسانوں اور تاجروں کو واہگہ بارڈر کا سیٹ لگنے کے باعث ہونے والے نقصان کا ازالہ بھی کیا گیا ، لیکن واہگہ بارڈر پاکستانی پرچم کے بغیر ادھورا ہے، لہٰذا وہاں پاکستانی پرچم لہرایا جانا ضروری ہے اور یہیں سے تنازعے کی شروعات ہوئی۔ فلم بھارت کی ٹیم کے ذرائع نے کہا ہے کہ بھارتی سرزمین پر پاکستانی جھنڈے کی پرچم کشائی نے بہت سی مقامی تنظیموں کو پریشان کر دیا ہے، انہوں نے کہاہے کہ ہمیں پہلے بھی کشمیر اور ممبئی کی کئی جگہوں پر اس طرح کی صورتحال سے پریشانی تھی، جب پاک بھارت میچوں کے دوران پاکستانی پرچم رکھے گئے۔ لہٰذا مقامی تنظیموں نے نہ صرف سلمان خان کے خلاف شکایت درج کرا دی، بلکہ اس ہوٹل کا بھی گھیرائو کرلیا، جہاں سلمان خان ٹھہرے ہوئے تھے، حالانکہ پاکستانی پرچم صرف فلم کے لئے لہرایا جائے گا لیکن مقامی لوگ اس بات کو نہیں سمجھ رہے۔ صورتحال کی خرابی کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ جلد ختم کردی گئی اور سلمان خان بھی ممبئی واپس آگئے ، تاہم ان پر ایک اور مقدمے کا اضافہ ہوگیا ۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply