مُکالمہ؛ اب ساشے میں بھی دستیاب ہے۔۔۔ انعام رانا

سال بھر پہلے سائیٹ شروع ہوئی تو ہم بس “اناڑی کا کھیلنا، کھیل کا ستیاناس” کی عملی تصویر تھے۔ غلطیاں تھیں اور “یاروں” کے طعنے۔ جتنا تنگ ہمکو “نوری نستعلیق” نے کیا اتنا تو عمران نے نواز شریف کو نہیں کیا۔ روز کے طعنے تھے۔ جو لوگ ایڈیٹنگ پر تھے وہ بھی تنگ۔

یادش بخیر اک صاحب سب سے زیادہ تنگ کرتے تھے۔ سنا ہے اکثر غلط کام اچھی نیت سے ہوتے ہیں۔ اچھی نیت سے ہی اک دوست نے کسٹم میڈ سائیٹ بنوائی اور پھر وہ وہ ہوا کہ میرا دل کرتا تھا گلالئی کی طرح پریس کانفرنس کر کے کہوں کہ فلاں فلاں مجھے تنگ کرتا ہے۔ یادش بخیر جن کے پھپھو بننے پر پیسے لگا کر نئی سائیٹ بنائی تھی وہ یہ کہ کر “بس” سے کود گئے کہ “یہ بس کھائی میں گرنے والی ہے”۔ الحمداللہ بس تو فل سپیڈ پر چل رہی مگر انکی آواز گھاٹیوں سے کبھی کبھار سنائی دیتی ہے جو کوئی نہیں سنتا۔

کسٹم میڈ میں کئی مسائل تھے۔ سائیٹ بہت ہیوی تھی اور کھلتے ہوے وقت لیتی تھی بالخصوص ٹو جی پر۔ حافظ صفوان ہفتہ وار میری کلاس لگاتے تھے کہ لوگ سائیٹ پر کیوں آئیں جب کھلتی ہی نہیں۔ کہی اہم پلگ ان رہ گئے اور سائیٹ رینکنگ یوں گری جیسے کوئی نظر سے۔ لاہور گیا تو وہ یادش بخیر والے نے ایک اور فراڈیا ڈیویلپر ٹکرا دیا اور بیس ہزار اور ضائع ہوے۔ سب سے اہم مسلئہ یہ تھا کہ ہزاروں بلاگ کا سرمایہ کسٹم میڈ سے ورڈپریس پر کیسے لائیں کہ کچھ ضائع نا ہو۔ خیر ہم صبر شکر کر کے بیٹھ گئے کہ دیکھیں گے۔

سنا ہے جب انسان کی نیت اور محنت خدا کو پسند آئے تو وہ فرشتے بھیجتا ہے۔ ایسے میں اک دن بلال بھائی سے رابطہ ہوا۔ ایم بلال ایم سے کئی لوگ واقف ہیں۔ آپ نے سب سے پہلے فری اردو سافٹ ویئر بنایا، جس سے مجھ سمیت کئی لوگ اردو لکھنے کے قابل ہوئے۔ انکی سائیٹ اب بھی طلباء کے لئیے سیکھنے کی جائے ہے۔ بلال بھائی سے رابطہ ہوا تو باقیوں کی طرح انھوں نے بھی سائیٹ کی کچھ خامیوں کی نشاندھی کی اور حل کے مشورے بھی دیئے۔ دوسری طرف میں نے اپنا دکھڑا رویا۔ کہا بھائی بہت پیسے لگا چکا اب اور ہمت نہیں کہ ماہانہ خرچہ ہی مجھ پر بار بن چکا۔ اب جب پیسے ہوں گے تو نئی سائیٹ بنواؤں گا۔ لگے ہاتھوں ایم بلال ایم سے پوچھا کہ اگر ہم سائیٹ ورڈ پریس پر بنائیں، اور آپ بنائیں، تو کیا خرچہ ہو گا؟ یہاں سے بات چل نکلی اور بہت ساری باتیں ہوئیں۔ مختصر یہ کہ دوستو! کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک استاد ڈیویلپر نے یہ سائیٹ مفت بطور تحفہ بنا کر دی ہے؟ ہاں اب بھی رحمت کے فرشتے اترتے ہیں اور خدائی خدمتگار کیا ہوتا ہے، ایم بلال ایم کو دیکھ لیں۔ میں انکا بہت ممنون ہوں۔ اس پروجیکٹ میں بھائی رانا ثاقب نے معاونت کی اور بھائی شکیل طلعت نے بینر ڈیزائن کیا۔ لوگو محترم خالد سجاد کا لکھا ہوا ہے۔ میں تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ”مکالمہ“ کو اپنا سمجھ کر اس کی بہتری میں حصہ ڈالا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یارو ابھی کچھ دن لگیں گے سائیٹ سیٹ ہونے میں۔ البتہ أپکا سارا ڈیٹا سائیٹ پر محفوظ ہے۔ بینر کے اوپر لاگ ان بٹن دبا کر اپنا یوزر نیم اور پاسورڈ ڈا لئیے، پہلے کی ہی طرح لاگ ان ہوئیے اور سب وہیں ہے۔ بائیں جانب پوسٹ کا بٹن دبائیے اور نئی تحریر لگائیے، جتنی مرضی تصاویر ایڈ کیجیے۔ امید ہے سائیٹ اور اسکا سسٹم أپکو پسند آئے گا۔ سائیٹ اب اتنی تیز اور اتنے چھوٹ سائز میں ہے کہ میں کہ سکتا ہوں، مُکالمہ اب ساشے میں بھی دستیاب ہے۔
مُکالمہ جو اب انگلش اور ویب ٹی وی کے ساتھ ہے، اپنے مشن کو آگے بڑھا ہے کامیابی کے ساتھ الحمداللہ۔ ہم نے اس مشن میں پیسے کے بجائے مقاصد کو فوقیت دی اور ہمارا رب ہمارا مددگار ہے۔ الحمداللہ۔ آپ بھی مُکالمہ کا زیادہ سے زیادہ حصہ بنئیے کیونکہ مُکالمہ ہی ایک بہتر معاشرے کی ضمانت ہے۔

Facebook Comments

انعام رانا
انعام رانا کو خواب دیکھنے کی عادت اور مکالمہ انعام کے خواب کی تعبیر ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”مُکالمہ؛ اب ساشے میں بھی دستیاب ہے۔۔۔ انعام رانا

  1. ماشاء اللّه کئی ویب سائیٹس ہیں دائیں بائیں اوپر نیچے کام بھی اپنی اپنی جگہ کر رہی ہیں لیکن مجھے مکالمہ اپنے دل سے قریب تر لگتا ہے مکالمہ کی اچھی اپروچ ہے یا انعام رانا کی شخصیت کی کشش بہرحال بہرحال ھم اسکے نسبتاً خاموش قاری اپنے حلقہ احباب میں علانیہ پروموٹر اور اسکی ترقی کیلئے دل سے دعا گو ہیں

Leave a Reply to Syedabdullahsaif Cancel reply