• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت

صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت

آج کے دن تمام اہل وطن اور پوری ملت اسلامیہ مفکر اسلام اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر اُن کو بھرپور خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ایسے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں علامہ محمد اقبال کے افکار پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ اقوام عالم میں بلند مقام حاصل کیا جاسکے۔

صدر عارف علوی

صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں عظیم فلسفی اور شاعرمشرق کی تعلیمات اور فلسفے پر عملدرآمد کی اہمیت واضح کی تاکہ ملک کو درپیش کثیر الجہتی چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔

وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے برسوں پہلے اُن مسائل کی پیش گوئی کی جن کا ہمیں آج بھی سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت اور نظریاتی انتہا پسندی جیسے معاملات پر اقبال ؒ کی سوچ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام دُنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔وزیراعظم کے مطابق شاہین کے تصور اور خودی کے فلسفے کو سمجھ کر اور اس پر عمل پیرا ہونے سے ہی ہم پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا اصل مقام دلا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال ؒ نے مسلمانانِ برصغیر کو ایک ایسے وقت میں راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں میں منزل کا سراغ کھوچکے تھے۔ ان کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔ پاکستان علامہ اقبال ؒ کے خواب کی تعبیر ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اقبال کے تصورات کے مطابق پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست کے طورپر اقوام عالم میں روشناس کرائیں۔انہوں نے یوم اقبال پر اسکولوں ، کالجز اور تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کرنے پر بھی زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جا سکے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لیے علامہ اقبال کے پیغام کو اپنانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی فکر سے ہٹ کر ملک چلانے کا ہر تجربہ ناکام ہوا ہے، لیکن مسلم لیگ (ن) قائداعظم اور علامہ اقبال کی فکر اور ایجنڈے کی امین ہے اور رہے گی۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال

Advertisements
julia rana solicitors

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا پیغام نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال تمام مذاہب وعقائد کا احترام کرتے تھے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply