• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • کیا فواد چوہدری کو معلوم ہے اب انسان خلا کی بجائے مریخ پر جا رہے ہیں؟۔۔ غیور شاہ ترمذی

کیا فواد چوہدری کو معلوم ہے اب انسان خلا کی بجائے مریخ پر جا رہے ہیں؟۔۔ غیور شاہ ترمذی

پاکستانی خلائی ادارہ سپارکو اور چین کے خلائی تحقیق کے باہمی منصوبے کا ذکر کرتے ہو ئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئندہ 4 برس میں پاکستان انسان کو خلاء میں بھیجنے کے قابل ہوجائے گا تاہم اس کے ساتھ ہی فواد چوہدری نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے علاوہ بعض ناپسندیدہ سیاسی لیڈروں کو بھی ون وے ٹکٹ پر مستقل طور سے خلاء میں بھیج دینا چاہئے ۔

ہم چونکہ تیسری دنیا کے باسی ہیں اس لئے ہمارے وزیر اطلاعات و نشریات کو ابھی تک کسی نے بتایا ہی نہیں کہ دنیا خلاء میں انسانوں کو بھیجنے والی سٹیج سے بہت آگے نکل چکی ہے – اس لئے ضروری ہے کہ وزیر اطلاعات کو بتا دیا جائے کہ آج سے ٹھیک 6 سال بعد یعنی 2024ء سے لے کر 2050ء تک کل 10 لاکھ افراد کی ایک بستی سیارہ مریخ پر بھی بسائی جائے گی – چونکہ یہ بستی نسبتا” جوانوں کی آبادی پر مشتمل ہو گی اس لئے اس مریخی بستی کے رہائیشیوں کے لئے پاکستان سے ممکنہ طور پر یوتھ آبادی سے ہی جانباز اس پروگرام میں شرکت کی ہمت کریں گے –

وفاقی وزیر اطلاعات صاحب آگاہی ہو کہ فی الحال مریخ پر منتقلی کے اخراجات فی نفر 2 لاکھ امریکی ڈالرز (تقریبا” 2 کروڑ 60 لاکھ روپے بمطابق ایک ڈالر 130 روپے کے برابر) ہوں گے جبکہ 2040ء کے بعد یہ کم ہوکر 1 لاکھ ڈالر سے بھی کم رہ جائیں گے – قومی اسمبلی کے ممبران کی کل تعداد اس وقت 342 ہے جس میں سے فواد چوہدری کے لئے ناپسندیدہ ممبران 150 کے نزدیک ہوں گے – جبکہ مذہبی راہنماؤں میں بھی فواد چوہدری 150 مولانا صاحبان کی ایک لسٹ تمام فرقوں سے حصہ بقدر جثہ بنا سکتے ییں – اس طرح فواد چوہدری کے لئے ان ناپسندیدہ عناصر کی کل تعداد 300 بنتی ہے جس کے لئے صرف 690 کروڑ کی رقم درکار ہوگی – اور یقینا” یہ اتنی بڑی رقم نہیں ہے کہ فواد چوہدری کی حکومت اپنے مخالفین کو مریخ کی سیر کے لئے بھجوانے کے لئے استعمال نہ کر سکتی ہو –

مگر اس کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ فواد چوہدری کی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپوزیشن اور مولانا صاحبان راضی نہ ہوں تو مریخ کے لئے جانے والی لاٹ میں بابا کوڈا جیسے اپنوں میں سے ہی کچھ کا انتخاب کر لیں جنہوں نے سیاست میں گالی کے استعمال کو بلندیوں پر پہنچا دیا ہے –

اس خواہش کو پورا کرنے کے لئے جو بھی کرنا ہے وہ فواد چوہدری کو فورا” ہی کرنا ہوگا کیونکہ مریخ منتقلی پروگرام کی کمپنی SpaceX کے چیف ایگزیکٹو آفیسر Elon Musk کا کہنا ہے کہ 2017ء کے اختتام تک 78 ہزار لوگوں نے ایڈوانس فیس کے ساتھ ساتھ اپنی بکنگ کروا بھی دی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ سیٹیں کم ہیں اور امیدوار بہت زیادہ –

مریخ پر جا کے ہمارے سیاستدان اور مولانا صاحبان کیا کریں گے – فواد چوہدری کی خواہش کے علاوہ پہنچے پاکستانی مسلمانوں کے علاوہ ویسے تو مریخ پر انسانی بستی بسانے والوں میں کسی بھی دوسرے مسلمان کے موجود ہونے کی کوئی امید نہیں ہے مگر مریخ پر نئی دنیا بسانے کے بعد ہمارے مولانا صاحبان کے لئے مصروفیت تو نکل ہی سکتی ہے کہ وہ مریخ پر رہنے والے انسانوں کے لئیے نئے مسائل پر فتاوی دینا شروع کر دیں گے مثلا”

1):- نماز کب پڑھی جائے کیونکہ مریخ پر دن اور رات کی لمبائی پمارے زمین سے بہت مختلف ہو گی (اگرچہ دن تقریبا” 24 گھنٹے کا ہی ہوگا) –

2):- نماز کس طرف منہ کرکے پڑھیں گے کیونکہ خانہ کعبہ تو زمین پر ہوگا جس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کے لئے اوپر دیکھنا پڑے گا –

3):- روزہ کب رکھا جائے اور کتنا لمبا ہو — رمضان کا مہینہ کب شروع ہوگا, کون سا چاند دیکھیں گے زمین والا یا مریخ والا – (زمین والا چاند ویسے وہاں نظر نہیں آئے گا)

Advertisements
julia rana solicitors london

یہ بات واضح رہے کہ مریخ پر انسانی بستی اب کوئی خواب نہیں رہا بلکہ یہ حقیقت بن چکا ہے – فواد چوہدری صاحب کو خبر کر دی ہے – پھر نہ کہنا کہ خبر نہیں ہوئی –

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply