ملک بھر میں احتجاج ختم،  حالات معمول پر آگئے

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کئے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد ختم کر دیا گیا، جس کے بعد حالات معمول پر آگئے۔  کراچی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین نے ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کیں تاہم بعد ازاں سڑکیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئیں۔ حکومت اور تحریک لبیک کی قیادت کے درمیان معاہدے کے بعد کراچی، حیدر آباد، لاہور، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنے ختم کر دیئے گئے ہیں اور دھرنے میں شریک افراد کے منتشر ہونے سے ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔ دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے ملک بھر میں متاثر ہونے والا ٹرین آپریشن بھی معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوگیا۔ دھرنے کے باعث امن و امان کی صورت حال کے باعث بند کی گئی موٹرویز اور قومی شاہراہوں کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذہبی تنظیموں نے جمعے کو شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دی تھی، نماز جمعے کے بعد مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہروں میں شدت دیکھنے میں آئی۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے گئے تھے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گو جرانوالہ میں موبائل فون سروس بھی معطل رکھی گئی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply