عمران خان کا دورہء چین،آج چینی صدر سے ملاقات کرینگے

 وزیراعظم عمران خان چین کے سرکاری دورے کے سلسلے میں دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، جس کے دوران وہ چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ اور پاکستان میں چینی سفیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ پاکستانی سفیر مسعود خالد بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم آج چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ 3 نومبر کو وہ تیان من سکوائر میں پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے ،جبکہ 3 نومبر کو ہی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے ملاقات ہوگی۔ اسی روز وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان 3 نومبر کو مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔ 3 نومبر کو ہی وزیراعظم عمران خان کی چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات طے ہے۔ 4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی سکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنمائوں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔ روانگی سے قبل چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین کے دورے سے متعلق پر امید ہیں، پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے اور کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply