• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کی معطلی کا حکم واپس لے لیا

سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کی معطلی کا حکم واپس لے لیا

انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے آئی جی کے تبادلے کی معطلی کا حکم واپس لے لیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹانے پر لئے گئے از خود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی اور غریب خاندان کے درمیان جھگڑے کے بعد فون کال نہ اٹھانے پر مبینہ طور پر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔  کیس کے فریق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی، متاثرہ خاندان، اٹارنی جنرل اور آئی جی اسلام آباد کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ سماعت شروع ہوئی تو آئی جی اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کر سکتے اس لئے عدالت سے استدعا ہے تبادلے کے احکامات پر عمل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے اگر یہ کہہ رہے ہیں تو اجازت ہے، آپ کی مرضی ہے ہم آپ کو منع نہیں کرتے۔ اس موقع پر متاثرہ خاندان کے سربراہ نیاز محمد نے عدالت کو بتایا کہ ہماری صلح ہوگئی ہے، غریب آدمی ہوں، ملک کی عزت خراب نہیں کر سکتا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس میں ملک کی عزت کی خرابی کا کوئی معاملہ نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ خاندان نے بے شک معاف کر دیا ہو، یہ سٹیٹ کے خلاف جرم ہے، معاملے کی انکوائری کروائیں گے، ایسا فعل ایک طاقتور وزیر نے کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا  کہ جرگے میں ہونے والی صلح صفائی کو نہیں مانتے، وڈا آدمی ہے ، غریباں نوں پکڑوا لیا، مار وی پوائی، جیل وی بھجوایا تے فیر آئی جی وی تبدیل کرا دتا۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی کی طرف سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے جن سے مکالمے کے چیف جسٹس نے کہا آپ ہر بڑے بندے کے وکیل بن جاتے ہیں، میں آپ کا لائسنس کینسل کرتا ہوں، بتائیں کتنے عرصے کے لئے لائسنس کینسل کروں۔ بیرسٹر علی ظفر نے مسکراتے ہوئے کہا دو ماہ کے لئے کینسل کر دیں جس پر چیف جسٹس نے کہا ہر ناجائز کام کرنے والے کی طرف سے آپ پیش ہوجاتے ہیں۔ بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا  کہ اعظم سواتی صاحب کو اپنے کئے پر بہت افسوس ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر انہیں افسوس ہے تو عہدے کو چھوڑ دیں، عہدے کی طاقت سے اعظم سواتی نے یہ کام کیا، غریب خاندان پر ظلم کرنے کے بعد پیسے دے کر صلح کرلی، اب انہیں افسوس بھی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم معاملے پر ایف آئی اے، نیب اور آئی بی کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی بنائیں گے، اٹارنی جنرل صاحب آج ہی نام دیئے جائیں ہم خود افسران منتخب کریں گے۔ بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا اعظم سواتی کی صلح ہوچکی ہے اور اسلامی قوانین کے مطابق ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اسلامی قوانین اللہ کا تحفہ ہیں، جہاں پر آپ پھنس جاتے ہیں وہاں آپ اسلامی قوانین کو لے آتے ہیں، اسلامی اصول یہ بھی ہے کہ اگر انہیں افسوس ہے تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں، کسی وزیر کو اس طرح غریب خاندان کو کچلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان نے متاثرہ بچے سے واقعے کی تفصیل سنی اور کہا کہ یہ مس کنڈکٹ کا کیس ہے، عدالتیں کمزور یا ماڑی نہیں ہیں، کیا یہ وزیر اس ملک کے مالک ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہر کیس میں آئی ایس آئی کو نہیں ڈالنا چاہتا، دیگر متعلقہ اداروں سے انکوائری کرائیں گے۔ چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو حکم دیا کہ جھگڑے کے واقعے کی تحقیق کریں اور جو مقدمہ بنتا ہے درج کریں، مجھے یہ آج ہی چاہئے، وزیر کے ساتھ وہی سلوک کریں جو عام آدمی کے ساتھ ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اعظم سواتی آپ نے ایک خاندان کی روزی بند کردی، یہ ہے آپ کی دیانت داری، کہتے ہیں تو ابھی 62 ون ایف لگا دیتے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply