مودی نے دنیا کے سب سے بڑے مجسمے کا افتتاح کردیا

وزیراعظم نریندرا مودی نے بھارت کے پہلے وزیر داخلہ اور اپنے وقت کے سخت گیر ہندو رہنما سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 182 میٹر اونچے مجسمے کا افتتاح کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نریندرا مودی نے بھارت کے بانی رہنما اور پہلے وزیر داخلہ ولبھ بھائی پٹیل کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریاست گجرات کے دریائے نرمَدا میں اُن کے طویل القامت مجسمے کا افتتاح کردیا۔ آنجہانی ولبھ بھائی پٹیل کا مجسمہ 182 میٹر طویل ہے جو دنیا کا سب سے طویل القامت مجسمہ ہے، اس مجسمے کی تعمیر میں 430 ملین ڈالر لاگت آئی ہے اور اسے ’مجسمۂ اتحاد‘ کا نام دیا گیا ہے۔ قبل ازیں دنیا کا سب سے طویل مجسمہ چین میں بُدھا کا مجسمہ تھا جو 153 میٹر طویل ہے اس کے بعد جاپان میں نصب مجسمے کی باری آئی تھی جو 120 میٹر طوالت رکھتا ہے جب کہ امریکا میں نصب مجسمہ آزادی 93 میٹر طویل ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے نہرو خاندان کے اثرورسوخ کو کم کرنے کے لیے نہرو کے دست راست ولبھ بھائی پٹیل کے نام کو اپنی انتخابی مہم میں استعمال کیا اور اس طویل القامت مجسمے کا مقصد بھی راہول گاندھی سے جذباتی لگاؤ کو کم کرنے کی کوشش ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کے بانی رہنما جواہر لال نہرو کے دست راست ولبھ بھائی پٹیل بھارت کے پہلے وزیر داخلہ بھی تھے اور بھارت کے قیام میں ان کی سیاسی جدوجہد اور خدمات نمایاں و روشن ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply