سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے بند

آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے بند اور بلوچستان میں تدریسی عمل جاری ہے۔ کراچی میں پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے حالات کے پیش نظر آج تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں ، جبکہ نجی سکول ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم سندھ سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر سکول بند رکھنے کا اعلان کیا جائے۔ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے آج بند ہیں جبکہ ترجمان پنجاب حکومت  نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت بارہویں جماعت کے آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں تعطیل کے باعث لاہور کی شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، چیئرنگ کراس مال روڈ، داتا دربار اور شاہدرہ چوک پر سڑکیں بلاک ہیں۔ صدر پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مطابق وہاڑی بھر میں آج تمام نجی سکولز بند ہیں، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے آج کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے، امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سپلیمنٹری امتحانات ملتوی کردیئے، جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف سوات آج بند ہے جس کے باعث آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ چار سدہ، دیر بالا، مالا کنڈ اور بنوں میں تمام نجی تعلیمی ادارے بند ہیں، بنوں کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے۔ پشاور یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق جامعہ کے آج تمام شعبے معمول کے مطابق کھلے ہیں ،تاہم یونیورسٹی کے زیر انتظام 5  سکولز اور کالجز بند ہیں۔ ترجمان پشاور یونیورسٹی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی ماڈل سکول، یونیورسٹی پبلک سکول، یونیورسٹی کالج فار بوائز، جناح کالج فار وومن اور کالج آف ہوم اکنامکس بند ہیں۔ بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری سکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، حکومت بلوچستان کی جانب سے آج سکولوں میں تعطیل کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ کوئٹہ میں کیھتولک بورڈ، پاک ترک سکول سمیت چند نجی سکولوں کی انتظامیہ نے سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply