• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ملک کے مختلف مقامات پر احتجاج آج بھی جاری، نظامِ ٹریفک متاثر

ملک کے مختلف مقامات پر احتجاج آج بھی جاری، نظامِ ٹریفک متاثر

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کئے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔کراچی میں صبح سویرے 15 سے زائد مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر تھی، جس کی بحالی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ضلع شرقی میں نمائش اور سٹار گیٹ کے مقام پر سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بلاک ہے۔ ضلع جنوبی میں ٹاور، تین تلوار، رنچھوڑ لائن اور شو مارکیٹ پر سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بلاک ہے۔ حب ریور روڈ بلدیہ، ماڑی پور روڈ، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹائون نمبر5 اور کورنگی روڈ پر بھی سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بند ہے۔ دوسری جانب ٹاور، ماڑی پور اور ایم ٹی خان روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور مولوی تمیز الدین خان روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لئے استعمال ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں فیض آباد انٹرچینج ، ڈھوک کالا خان، کرال چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ جبکہ ترامڑی چوک کو ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا گیا ۔ دوسری جانب اسلام آباد سے راولپنڈی جانے کے لئے اہم راستہ بھی بند کر دیا گیا ۔ جماعتوں کے احتجاج کے باعث لاہور میں پانچ مقامات پر راستے بند ہیں۔ لاہور میں ایئرپورٹ کو جانے والے راستے بند ہونے سے اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ عسکری 10 اور بھٹہ چوک سے ایئرپورٹ تک جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ مسافروں کی جانب سے ایئرپورٹ کے راستے کھلوانے کی اپیل کی گئی تاہم پولیس اور انتظامیہ ایئرپورٹ کے راستے کھلوانے میں ناکام ہے۔ اس کے علاوہ مال روڈ پر چیئرنگ کراس، داتا دربار اور شاہدرہ میں  بھی ٹریفک بلاک ہے۔ دوسری جانب ملتان روڈ پر موہلنوال، چوہنگ اور سندر میں بھی راستے بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ پشاور میں رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر پیر زکوڑی پل ٹریفک کے لئے بند ہے۔ دوسری جانب موٹروے جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس محمود علی کھوکھر کے مطابق تمام موٹرویز ٹریفک کے لئے کھلے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس نے مزید بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹیکسلا،گجر خان، سوہاوہ، دینہ، گجرات، سرائے عالمگیر، کامونکی، مرید کے، سادھوکی، پکامیل، چونگ، لوہاراں والا کھو پر ٹریفک بلاک ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply