• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • نیب نے شریف خاندان سے تحقیقات کے لیے سوالنامہ تیار کرلیا

نیب نے شریف خاندان سے تحقیقات کے لیے سوالنامہ تیار کرلیا

لاہور(بیورو چیف)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاناما پیپرز کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں سے تفتیش کے لیے سوالنامہ تیار کرکے اسے چئیرمین نیب، ڈپٹی چئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو بھجوادیا ہے۔نیب کے اعلیٰ افسران نے مشترکہ ٹیم کا تیار کردہ سوالنامہ معمولی ترمیم کے بعد منظور کرلیا جس کے بعد نیب لاہور ڈویژن اور نیب راولپنڈی ڈویژن کی مشترکہ ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ نیب کے سوالنامے کے اہم نکات کے مطابق اس میں زیادہ تر شریف خاندان کے مالی معاملات کے بارے میں پوچھا جائے گا۔نیب نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں سے ہل میٹل کمپنی اور العزیزیہ اسٹیل ملز لمیٹڈ کے بارے میں سوالات کرے گی جبکہ نیب العزیزیہ اسٹیل ملز کی اراضی، مشینری کی خریداری اور انفرا اسٹرکچر کی تشکیل کے حوالے سے بھی سوال کرے گی۔اس کے علاوہ العزیزیہ اسٹیلز مل کے لیے مشینری دبئی سے منگوانے کے ثبوتوں کے حوالے سے بھی سوال کئے جائیں گے جبکہ اس سوالنامے میں ہل میٹل اسٹیبلیشمنٹ کمپنی سے متعلق بھی سوال شامل ہوں گے۔جیسا کہ ہل میٹل کمپنی کیسے بنی اور اس کو بنانے کے لیے پیسے کہاں سے آئے؟ ہل میٹل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں کون کون شامل ہے؟ ہل میٹل کمپنی کے شئیر ہولڈرز کی تفصیلات کہاں ہے؟خیال رہے کہ ہل میٹل کمپنی کی تفتیش کے دوران نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، رحمان ملک اور میاں شہباز شریف کے بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے۔اس کے ساتھ ہی نیب حسین نواز کی جانب سے نواز شریف کو تحفے میں دی گی 84 کروڑ کی رقم کے بارے میں بھی تفتیش کرے گی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply