• صفحہ اول
  • /
  • سائنس
  • /
  • کیوں ہوتی ہے یہ خشکی، کہاں سے آتی ہے یہ خشکی؟۔۔۔۔سلطان محمود

کیوں ہوتی ہے یہ خشکی، کہاں سے آتی ہے یہ خشکی؟۔۔۔۔سلطان محمود

سر کے بالوں میں خشکی (Dandruff) ایک فنگس کی وجہ سے ہوتی ہے جس کو “میلا سیزيا فرفر” کہتے ہیں۔ یہ فنگس ایک متاثرہ فرد کے بالوں سے یا اسکی زیرِ استعمال کنگھی بالوں میں پھیرنے سے دوسرے فرد کو باآسانی منتقل ہو جاتی ہے۔ اس فنگس کے علاج کے لیے ڈاکٹر لمبے عرصے تک اینٹی فنگل ادویات استعمال کرواتے ہیں۔ سیلینیم سلفائیڈ اور کیٹو کونازول اس طرح کی چند ادویات ہیں جو بیرونی استعمال کے لیے سلوشن یا شیمپو کی شکل میں دستیاب ہیں۔ خشکی کے ساتھ اگر سر میں خارش بھی ہو، تو ڈاکٹر اس کے ساتھ سر کی جلد پر استعمال کے لیے ایک سٹيرائیڈ لوشن (عام طور پر بیٹا میتھا سون) بھی لکھ کر دیگا۔ دونوں دوائیوں کو ڈاکٹر کی تجویز کردہ مقدار کے مطابق مکس کرکے لگانے سے چند ہفتوں میں خشکی سے نجات مل جاتی ہے۔

کیا خشکی سر کے علاوہ کسی اور جگہ پر بھی ہو سکتی ہے؟

خشکی کا سبب بننے والا یہی فنگس جلد پر، خاص طور پر سینے اور گردن والے ریجن پر بھی سفید دھبوں کا باعث بنتا ہے۔ یہ دھبے گردن سے شروع ہوتے ہیں اور بڑھتے بڑھتے سینے تک پہنچ جاتے ہیں۔ عام طور پر بے ضرر ہوتے ہیں۔ تاہم اگر خارش موجود ہو، یا جمالیاتی لحاظ سے آپ ان کو برا سمجھتے ہوں، تو علاج کے لئے کسی سکن سپشلسٹ سے مشورہ کریں۔

خشکی بار بار کیوں ہوتی ہے؟

خشکی یا کسی بھی دوسرے فنگل انفیکشن کا علاج طویل مدتی اور صبر طلب ہوتا ہے۔ عام طور پر لوگ کچھ عرصہ علاج کرکے چھوڑ دیتے ہیں جس سے فنگس واپس آجاتا ہے۔ کبھی کبھی لوگ علاج کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے جس سے بیماری دوبارہ لگ جاتی ہے۔

کیا سرسوں کا تیل مفید ہے؟

سرسوں کا تیل عام طور پر پھلوں کی سطح پر آنے والے فنگس کو روکنے کے لیے بھی پالش کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، مگر اس کا اینٹی فنگل ایفیکٹ اتنا نمایاں نہیں ہے کہ اس کو انسانوں میں فنگس کے علاج کے لئے دوا کے طور پر استعمال کیا جائے لہٰذا ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا ہی استعمال کرنی چاہیے۔

خشکی کو واپس آنے سے کیسے روک سکتے ہیں؟

Advertisements
julia rana solicitors

طویل عرصے تک ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا کا استعمال اور ختم ہونے کے بعد بھی کچھ عرصہ تک ہفتے میں کم از کم ایک بار عام شیمپو کی جگہ اینٹی فنگل شیمپو کا استعمال، دوسروں کی ذاتی استعمال کی اشیاء (تولیہ، کنگھی، برش وغیرہ) کے استعمال سے گریز، اور اس بارے میں آگاہی حاصل کرنا اور دوسروں تک پہنچانا ایسے اقدامات ہیں جن سے خشکی کے بار بار آنے سے بچا جا سکتا ہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply