سردار یعقوب خان (ن) لیگ کے قائم مقام صدر مقرر

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی کے قائم مقام صدر کے لیے سینیٹر سردار محمد یعقوب خان کے نام کی منظوری دے دی۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اسحٰق ڈار، احسن اقبال جبکہ طویل عرصے سے پارٹی کے اہم اجلاس سے دور رہنے والے سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مجلس عاملہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس سے قبل ہی قائم مقام کے صدر کا اعلان کردیا گیا۔انہوں نے سوال کیا کہ پارٹی کا یہ فیصلہ اگر لاہور میں بیٹھ کر کیا جانا تھا تو مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی، کیا یہ اجلاس صرف صدر کے نام کی توثیق کے لیے بلایا گیا۔مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی کے سابق صدر نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے لیے قائدانہ خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا، جبکہ نواز شریف کو پارٹی قائد کا درجہ دیتے ہوئے ان کے قائدانہ کردار کو تسلیم کرنے کے لیے قرارداد بھی پیش کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ نواز شریف کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی اور جماعتی تاریخ کا سنہری باب ہے جبکہ نواز شریف نے اقتدار کے بجائے ہمیشہ اقدار کے اصولوں کی پاسداری کی، جبکہ وہ جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے تحریک جاری رکھیں گے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply