نیب کو پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کی 10ویں جلد تک رسائی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی حتمی رپورٹ کی 10ویں جِلد تک رسائی کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کے سلسلے میں 18 اگست کو مزید تحقیقات کے لیے طلب کر رکھا ہے۔اس سے قبل نیب کو جے آئی ٹی رپورٹ کی باقی تمام جِلدیں فراہم کر دی گئی تھیں، تاہم جِلد 10 کو روک لیا تھا۔بعدازاں نیب نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں جے آئی ٹی رپورٹ کی تمام جِلدوں کی مصدقہ نقول کے حصول کی استدعا کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ براہ کرم جے آئی ٹی رپورٹ کے مکمل سیٹ کے ساتھ احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے لیے جاری ہونے والا ضمیمہ پیش کیا جائے۔جے آئی ٹی رپورٹ کی 10ویں جِلد میں مختلف ممالک سے حاصل ہونے والی باہمی قانونی مشاورت کی تفصیلات موجود ہیں جنہیں جے آئی ٹی چیئرمین واجد ضیاء کے اصرار پر منظر عام پر نہیں لایا گیا تھا۔خیال رہے کہ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین ججز پر مشتمل جے آئی ٹی عملدرآمد بینچ نے نواز شریف کے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث احمد کو جِلد 10 کے دو صفحات دیکھنے کی اجازت دی تھی۔رپورٹ کے خلاصے کے مطابق اس جلد میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 21 کے تحت جے آئی ٹی چیئرمین کی جانب سے بھیجی گئیں مشترکہ قانونی معاونت کی درخواستیں شامل ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply