واپڈا نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلیے پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔کنٹریکٹ چینی کمپنی چائنا گانسو انٹرنیشنل کارپوریشن China Gansu International Corporation for Economic and Technical Cooperation) (سی جی آئی سی اوپی) کو ایوارڈ کیا گیا جس کی مالیت 4ارب 90کروڑ روپے ہے۔واپڈا کے جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور جاوید اختر اور سی جی آئی سی او پی کے پرنسپل آفیسر گوان وی (Guan Wei) نے معاہدے پر دستخط کیے جہاں انتظامیہ، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور سی جی آئی سی او پی کے نمائندے بھی موجود تھے۔کنٹریکٹ کے تحت پراجیکٹ کالونی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سڑکوں کا نیٹ ورک، پانی کی سپلائی، باؤنڈری وال اور سیکیورٹی ٹاورز کی تعمیر شامل ہے، کنٹریکٹ کی تکمیل کا دورانیہ تقریباً 2 سال ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2 مراحل میں تعمیر کیا جائیگا، پہلے مرحلے کی تعمیر کیلیے عالمی بینک جزوی فنڈز فراہم کر رہا ہے، پہلا مرحلہ تقریباً 5سال کی مدت میں مکمل ہو گا اور اسکی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال 12ارب یونٹ سے زائد سستی پن بجلی مہیا ہو گی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں