ہنسانے والا دوست ، ضروری ہوتا ہے ۔۔۔ میاں جمشید

یقین مانیں کہ اگر آپ کو کوئی ایسا دوست میسر ہے، جو آپ کو خوش رکھتا ہے، آپ اس کی موجودگی میں لطف اندوز ہوتے ہیں تو یہ بہت کمال کی بات ہے۔ اگر آپ ہنسنا جانتے ہیں اور دوستوں کے ساتھ ہنسی مذاق آپ کا معمول ہے تو پھر آپ بہت عمدہ زندگی گزار رہے ہیں۔ یاد رکھا کریں کہ غم، پریشانیاں زندگی کا حصّہ ہیں۔ کوئی بھی انسان اس سے بچا ہوا نہیں ہے، تو جب ایک چیز ہو کر رہنی ہے تو پھر اُس کے حل کی طرف جانا چاہیے نہ کہ اپنی طبیعت میں غصّہ یا چرچڑا پن لایا جائے۔

میرے ساتھ بہت  بار ایسا ہوتا ہے کہ جب بھی میں اداس ہوتا ہوں، گھر یا دفتری معاملات کی وجہ سے پریشان ہوتا ہوں تو پہلے میں یہی سوچتا  ہوں کہ کون سا دوست ایسا ہے جو مجھے مسکراہٹ دے سکے۔ کوئی ایسا جس کے پاس بیٹھ کر میں  پورے دل سے ہنسوں اور اپنے دماغ کو سکون دے سکوں۔ بس اِس ملاقات کے بعد   غم بہت ہلکا محسوس ہوتا ہے  اور اپنی پریشانی کا حل مل جاتا ہے۔ دراصل جب ہم پریشانیوں کو اپنے سر پر سوار کر لیتے ہیں تو ہمیں سب راستے بند ہی نظر آتے ہیں۔ بہت دفعہ ہوتا ہے کہ سفر کرتے اچانک راستہ آگے بند ملتا ہے تو پھر ہم کیا کرتے ہیں؟ اپنی بائیک یا کار فوراً واپس موڑتے ہیں اور دوسرے راستے کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں۔ بس ایسا ہی رویہ ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں لانے کی ضرورت ہے۔

اگر ہم بند گلی میں صرف کھڑے سوچتے رہیں گے تو اُس سے نہ صرف وقت ضائع ہوگا بلکہ زیادہ سوچنے کی وجہ سے طبیعت خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ اس دنیا میں انسانوں کے ایک دوسرے کے ساتھ رشتے ناتے اسی وجہ سے ہیں کہ ہم اپنا دکھ درد بانٹ سکیں۔ ہر شخص کوئی نہ کوئی ایسا خاص رشتہ رکھتا ہے جس کی وجہ سے وہ خود کو بہت پُرسکون محسوس کرتا ہے۔ اس سے بات کرکے بہت سکون ملتا ہے اور اپنے مسئلے کا حل بھی نکل آتا ہے۔ آپ بھی اپنے اردگرد ایسے لوگ رشتے تلاش کریں جو آپ کے چہرے پر رونق لائیں اور آپ ان سے مل کر خوب ہنسیں اور خوش رہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یاد رکھیں اکیلے رہنا، کتابیں پڑھنا یا موسیقی سننا بہت اچھا ہے، لیکن کسی اچھے دوست کی موجودگی بھی بہت ضروری ہے۔ ایسا دوست جو مثبت باتیں، مذاق کرتا ہو، خود بھی ہنستا ہو اور آپ کو بھی ہنساتا ہو۔ کسی بھی پریشانی میں کسی ایسی دوست سے ملاقات ایسے ہی اثر کرتی  ہے جیسے سر درد میں ڈسپرین۔ تو جناب اٹھیے اور جاکر ایسے دوست سے ملیے  جو آپ کو سب بھلا کر مسکرانے پر مجبور کردے۔

Facebook Comments

میاں جمشید
میاں جمشید مثبت طرزِ زندگی کے مختلف موضوعات پر آگاہی ، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی jamshades پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply