ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم ناتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے اسکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، ایرن فنچ 39 اور مچل اسٹارک 34 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دن کے اختتام تک پاکستان بھی دوسری اننگز میں اپنی دو وکٹیں گنواچکا تھا، فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔کھیل کے پہلے روز آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل اسٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں