کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز 90 میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران رینجرز کے گواہ نے عامر خان کی شناخت کرلی۔ایم کیو ایم رہنماء عامر خان، منہاج قاضی اور رئیس مما انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر رینجرز کے تفیشی افسر اور گواہ ڈی ایس آر ریاض نے عامر خان کو شناخت کرلیا اور اپنا بیان قلمبند بند کرایا۔رینجرز کے افسر کے مطابق 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو پر آپریشن کیا گیا، جہاں عامر خان کو خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا گیا۔رینجرز کے افسر کے بیان قلمبند ہونے کے بعد عامر خان کے وکیل آئندہ سماعت پر گواہ کے بیان پر جرح کریں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں نامزد عامر خان سمیت تین ملزمان پر پہلے ترمیمی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جب کہ ملزمان عمران نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے اور عامر خان ضمانت پر رہا ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں