• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار کی لندن میں اسحاق ڈار سے ملاقات

ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار کی لندن میں اسحاق ڈار سے ملاقات

سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان نے لندن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔اطلاعات کے مطابق چوہدری نثار لندن میں اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں ںے سابق وزیر خزانہ کی عیادت کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔خیال رہے کہ چوہدری نثار علی خان ن لیگ کی سابقہ حکومت میں وزارت داخلہ کے عہدے پر فائز تھے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک سمجھے جاتے تھے۔ تاہم حکومت کے آخری سال چوہدری نثار اور نواز شریف نے دوریاں بڑھیں جس کے بعد انہوں نے وزارت داخلہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔چوہدری نثار کے مستعفی ہونے کے بعد احسن اقبال وزیر داخلہ بن گئے تھے اور عام انتخابات میں بھی چوہدری نثار نے ن لیگ کے ٹکٹ پر نہیں بلکہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا۔دوسری جانب اسحاق ڈار پر پاکستان میں کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں اور وہ علاج کی غرض سے لندن میں کافی عرصے سے مقیم ہیں۔گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد کو نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرتےہوئے انٹرپول کو بھی درخواست دی جاچکی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply