تیار رہیں،اپنا پروگرام 14 اگست کو دوں گا، نواز شریف

تیار رہیں،اپنا پروگرام 14 اگست کو دوں گا، نواز شریف
لاہور(بیورو چیف )پاناما کیس میں سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں داتا دربار کے باہر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت آئین میں تبدیلی کے لیے سینیٹ کے چیئرمین کا ساتھ دے گی۔بدھ کی صبح دارالحکومت اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز ایک ریلی کی صورت میں کرنے والے سابق وزیراعظم نے چار دن میں لاہور واپسی کا سفر مکمل کیا۔انھوں نے راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور شاہدرہ میں موجود مسلم لیگ ن کے کارکنان سے خطاب کیا۔جلسوں میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے پاناما کیس میں اپنی نااہلی کے فیصلے پر کڑی تنقید کی اور مایوسی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کارکنان کو اپنے دور حکومت میں شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیا اور سوال کیا کہ کیا انھیں عدالتی فیصلہ منظور ہے؟نواز شریف نے کہا کہ گذشتہ چار سال سے حکومت کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ اگر دھرنے اور یہ سازشیں نہ ہوتیں تو ملک ترقی کی منازل طے کرتا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جرات کے ساتھ سٹینڈ لینا ہوگا ورنہ ملک ادھورا رہ جائے گا۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سستا انصاف آئے گا تو انقلاب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین اور نظام کو بدلنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ایسانظام بنائیں گے کہ ملک میں 90 روز میں عوام کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور جو لوگ فیس ادا نہیں کر سکیں گے ان کی فیس حکومت ادا کرے گی۔نواز شریف نے کہا کہ ان کے ایجنڈے میں یہ بھی شامل تھا کہ جن کے پاس گھر نہیں ہیں ریاست ان کے لیے سستے داموں پر گھر کا انتظام کرے کیونکہ ملک کے 80 فیصد عوام کے پاس اپنا گھر نہیں ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply