ترکی کے وزیرخارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

ترکی کے وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلو دو روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، دورے کے دوران وہ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ترک وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلو دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ اپنے قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان ، صدر عارف علوی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔ترکی کے وزیرخارجہ اپنے دورے کے دوران صدر رجب طیب اردگان کا اہم پیغام وزیراعظم عمران خان کو پہنچائیں گے اور پاکستان کے نئے صدرمملکت عارف علوی کو ترک صدر اور اپنی جانب سے مبارکباد بھی پیش کریں گےمولود چاوش اوغلو پاکستان کے ساتھ تعلقات نئی حکومت کے دور میں بھی اسی جوش وجذبے سے جاری رکھنے اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا ترک صدر کا پیغام پاکستانی حکام تک پہنچائیں گے۔ترکی کے وزیرخارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ وفود کی سطح پر وزارت خارجہ میں مذاکرات بھی کریں گے،وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلونئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چوتھے وزیرخارجہ ہیں جو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔یاد رہے کہ سات ستمبر کو چینی وزیرخارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، آٹھ ستمبر کو چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تین نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا، جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد چینی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستان ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں چینی وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین وزیراعظم عمران خان کوبطورگیسٹ آف آنرچین میں ہونیوالی انٹرنیشنل ایکسپو میں بلانے کا خواہشمند ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی ہم منصب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے کا مقصد نئی حکومت کیساتھ رابطے بڑھانا ہے، چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔وانگ ژی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی، ہم پاکستان کیساتھ تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے ۔مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں، وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیراعظم کو دورہ چین کی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چینی صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ چینی وزیرخارجہ،صدر،وزیراعظم اورآرمی چیف سے ملاقات بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہے اورپاکستان چین سے ملکر عالمی فورمز پر کام کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی کا مزیدکہنا تھا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے ،چینی قیادت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،چین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہے اور چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply