قادیانی اور نیاپرانا پاکستان۔۔۔۔کمیل اسدی

حضرت یعقوب کی اولاد و پیروکار کیا کہلاتے ہیں، حضرت آدم ع سے حضرت ملاکی ع تک انبیاء کو ماننے والوں اور حضرت عیسیٰ و رسول خدا ص کا انکار کرنے والے کو کیا کہا جاتا ہے۔ تورات، مشناہ اور تلمود کو اپنی مذہبی کتب بھی مانتے ہیں۔
جی، یہودی۔۔۔
انکی عبادت گاہ کو کیا کہتے ہیں۔ جی، سینا گوگ (ہیکل)
یہودی اپنی عبادت کو کیا نام دیتے ہیں؟ جی ،شاخاریت ، مِنخا ، معاریب
حضرت عیسٰی اور انجیل کو اپنی کتاب سمجھنے والے اور تورات و زبور پر ایمان رکھنے والے کیا کہلاتے ہیں؟
جی، عیسائی۔
عیسائیوں کی عبادت گاہ کیا کہلاتی ہے؟ جی ،گرجا گھر (کلیسا)
عیسائی اپنی عبادت کو کیا نام دیتے ہیں؟
جی، سروس جو بروز اتوار عبادت کی جاتی ہے۔
حضرت محمد ص کو اپنا آخری نبی اور قرآن مجید کو ماننے والے نیز زبورو توارت وانجیل پر ایمان رکھنے والوں کو کیا کہتے ہیں۔
جی ،مسلمان۔
مسلمانوں کی عبادت گاہ کا کیا نام ہے۔؟ جی، مسجد
مسلمان اپنی عبادات کو کیا نام دیتے ہیں۔
جی ،نماز (فجر، ظہر ، عصر، مغرب ، عشاء)
بدھ مت ، جین مت ، ہندو ، سکھ ، زرتشی وغیرہ کی مثال اس لئے نہیں دی کیوں کہ قادیانی ایک نبی کی پیروی کا دعوٰی کرتے ہیں اور تقابل بھی اسی پیرائے میں ہوگا۔
غلام احمد کو نبی ماننے والے ، ہر نبی پر ایمان لانے والے لیکن آخری نبی کا انکار کرنے والے کیا کہلاتے ہیں؟
جی، مرزائی قادیانی یا احمدی۔
قادیانیوں کی عبادت گاہ کا نام کیا ہے؟ جی، مسجد
قادیانی اپنی عبادت کو کس نام سے پکارتے ہیں؟
جی، نماز (فجر، ظہر ، عصر، مغرب ، عشاء)
روز مرہ ہمارا سامنا ہندو ، عیسائی سکھ، پارسی اور دیگر مذاہب سے ہوتا ہ،ے گھر سے باہر نکلتے ہی مارکیٹ آفس ریسٹورنٹس پارٹیز شادی بیاہ اور دیگر مواقع پر ہمارا میل جول اور اٹھنا بیٹھنا مختلف غیر مسلم حضرات میں ہوتا ہے لیکن کبھی نہ  تو تشدد کی کوئی لہر ابھری اور نہ  ہی ذہن میں کوئی نفرت کا لاوا پھوٹا۔ پھر کیا وجہ ہے کہ قادیانیوں کا نام سنتے ہی پاکستانی اکثریتی مسلم آبادی آپے سے باہر ہوجاتی ہے اور قادیانی کبھی بھی پبلک میں اپنا مذہب ڈکلئیر نہیں کرتے؟؟؟
ہماری ملاقات کسی اجنبی شخص سے ہوتی ہے ہم اس سے پوچھ بیٹھیں کہ کیا آپ مسلم ہیں تو وہ مسکرا کر جواب دیتا ہے کہ نہیں میں غیر مسلم ہوں عیسائی ہندو سکھ وغیرہ کسی بھی کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہے۔ نہ  تو سوال پوچھنے والے کو شرمندگی کا احساس ہوتا ہے اور نہ  ہی جواب دینے والا کسی قسم کی اذیت یا ذلت کی کیفیت سے گزرتا ہے۔ یہی سوال آپ قادیانی سے کہیں تو وہ کیا جواب دے گا؟؟؟
ہم مسلمانوں کے لئے سب سے زیادہ محبوب ہستی کون ہے؟ ہمارا خدا (اللہ تعالٰی)
اس خدا کی وجہ سے ہمارا تعلق پیارے نبی کی ذات سے ہے کیونکہ وہ اسی خدا کا محبوب ، رسول اور وجہ خلقِ   کائنات ہیں۔ ہم اپنے نبی کی خاطر اگر لڑنے مرنے اور کٹنے پر آمادہ ہیں تو سوچیے  کہ جو ہمارا اور ہمارے نبی کا خالق ومالک ہے وہ ہمارے لئے کتنی محترم ، مقدم اور مکرم ذات ہے۔ کروڑوں انسان الحاد کے راستے پر ہیں یا اللہ تعالٰی کی بجائے ستارے سورج یا مختلف جانوروں کی پوجا کرتے ہیں۔ نبی پاک سے بھی بلند و برتر خدا کی ذات کے لئے مسلمانوں نے کتنے افراد قتل کئے آپ نے اللہ نہیں مانا آپ نے غیراللہ کی پرستش کی اور اپنے ایک الگ مذہب کا اعلان کیا ۔ آپ کا اور خدا کا معاملہ جان کر ہم نے کتنی گردنوں پر تلوار رکھی کہ نہیں صرف اللہ کو اپنا خدا مانو؟؟؟
اسی آسان پیرائے میں اپنی بات کو سمیٹے ہوئے عرض کرتا چلوں کہ قادیانیوں کا نبی الگ ، کتاب مسلمانوں والی، عبادت گاہ مسلمانوں والی، عبادت (نماز) مسلمانوں والی۔ جب بھی کوئی قوم شعائر اسلامی اپنا کر ایک نیا دین ایجاد کرے گی یہ اس نئی قوم کا اسلام پر ڈاکہ تصور ہوگا۔ پھر یہ ،وہ ،آئیں، بائیں نہیں چلے گا ،بلکہ ہرمسلمان اپنی بساط کے مطابق اٹھ کھڑا بھی ہوگا اور اس کے دل میں وہی نفرت ہوگی جو ایک غاصب کے لئے ہو سکتی ہے۔ آپ کا نبی الگ اپنی عبادت گاہ کا نام بھی الگ لاؤ، اپنی عبادت کو بھی کوئی اور نام دو۔ مسلم کی بجائے غیر مسلم (قادیانی وغیرہ) کہلاؤ اور ہمارے نبی کی شان میں گستاخی حرام قرار دو۔ واللہ سرزمین پاکستان میں کوئی ایسا مسلمان نہیں ہوگا جو آپ کی طرف میلی نظر سے بھی دیکھے گا۔ جس طرح ہندو، عیسائی یہودی سکھ وغیرہ غیرمسلم ہیں اور پورے ملک میں ان کے لئے پیار محبت اور بھائی چارگی کے دروازے کھلے ہوئے ہیں آپ کے لئے بھی اس طرح ایک دروازہ کھل جائے گا۔ لیکن اگرہماری تشخیص چھیننے کی کوشش کرو گے خود کو مسلم اور ہمیں ہی غیرمسلم ثابت کرنے میں لگے رہو گے تو خدا کی قسم تا قیامت اسی طرح اپنا آپ چھپاتے پھرو گے۔
مذہب کے نام پر دو ممالک ہی وجود میں آئے ایک پاکستان اور دوسرا اسرائیل۔ یہ پاکستان کا طرہ امتیاز ہے کہ غیرمسلم ہندو ،سکھ، عیسائی پارسی بنا کسی تفریق کے فوجی اور غیر فوجی اداروں میں اعلیٰ  عہدوں پر فائز ملیں گے۔ لیکن اسرائیل میں کتنے مسلمان یا غیرمسلم کسی اعلی عہدہ پر براجمان ہیں؟
آزادی خیال کے نام پر شورو غوغا کرنے والوں سے ایک چھوٹا سا سوال ہے کہ اگر قادیانی اپنے آپ کو عیسائی ڈکلئیر کرتے ہوئے (لیکن اپنی موجودہ تعلیمات برقرار رکھتے ہوئے) مرزا کو اپنا نبی ،کلیسا کو اپنی عبادت گاہ، اپنی عبادت کو سروس قرار دیتے اور موجودہ عیسائیوں کو غیر عیسائی کہہ کر خود کو اصلی عیسائی ہونے کا دعویٰ کرتےاور حضرت عیسٰی کی شان میں گستاخی بھی کرتے تو کتنے ایسے یورپی ممالک تھے جو انہیں سیاسی پناہ بھی دیتے اور خوش آمدید بھی کہتے ؟؟؟
یہ ہم پاکستانی ہیں کہ اس کے باوجود ارض وطن پر ان کے لئے زمین تنگ نہیں ہوئی ایک بار ایسی کوشش عیسائی یا یہودی مذہب سے ٹکرانے کی کریں تو پوری دنیا میں سر چھپانے کو جگہ نہیں ملے گی۔
ہم وہ ہیں جو شعب ابی طالب میں گھاس کھا کر محصور رہے لیکن باطل کے سامنے ڈٹ گئے ۔ جنگ بدر میں 313 کی قلیل تعداد کے باوجود باطل پر چھا گئے۔ 72 ہونے کے باوجود کربلا میں باطل کو شکست سے دوچار کیا۔
ایک عاطف میاں کے بغیر بھی اس ملک کی معیشت سنبھل جائے گی۔ امریکہ بہادر سے امداد نہیں ملے گی تب بھی ہم مٹنے والے نہیں ہیں۔ صرف ہمیں بیدار ہونے کی ضرورت ہے ہمیں ضمیر جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اخلاص و شوق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
فضائے بدر پیدا کر فرشتے تیری نصرت کو
اتر  سکتے ہیں گردوں سے قطار اندر قطار اب بھی!

Facebook Comments

محمد کمیل اسدی
پروفیشن کے لحاظ سے انجنیئر اور ٹیلی کام فیلڈ سے وابستہ ہوں . کچھ لکھنے لکھانے کا شغف تھا اور امید ھے مکالمہ کے پلیٹ فارم پر یہ کوشش جاری رہے گی۔ انشا ء اللہ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply