فوجی حکومت یا خودکشی ؟؟

عسکری خاندان سے تعلق کی بنا پر میری ہمدردیاں ہمیشہ فوجی حکمرانوں کے ساتھ ہی رہا کرتیں…کبھی ایوب خان کے فضائل پر غور کرتا تو کبھی ضیاءالحق صاحب کے زریں دور حکومت کے گیت گاتا…یحیی کی باری آتی تو سب بار ندامت بھٹو پر ڈال کر آگے بڑھ جاتا …اسی دوران مطالعہ بھی بڑھتا رہا اور اس بات پر حیرانی بھی کہ امریکہ و یورپ کے اکثر ممالک میں تین تین سو سال سے مارشل لا کی نوبت نہیں آئی اور اپنے وقت پر انتخابات کے بعد پرامن طریقے سے اقتدار منتقل ہو جاتا ہے ..اور تو اور بھارت میں بھی ایسا ہی تھا..

جنرلز کے بارے میں حسن ظن یہ بھی تھا کہ پاکستانی فوج کے کور کمانڈر آپس میں ایسے مثالی تعلقات رکھتے ہیں کہ اگر حکومت سنبھالنی بھی ہو تو صرف چیف ہی کو یہ ذمہ داری دی جاتی ہے اور سب اس کی مکمل اطاعت کرتے ہیں نہ کہ افریقہ اور جنوبی امریکہ کے بعض ملکوں کی طرح جہاں میجر اور کرنل بھی اقتدار پر قابض ہیں..لیکن پھر بے نظیر کے دور حکومت میں ایک جنرل ظہیر الاسلام عباسی اور بریگیڈئیر مستنصر باللہ کو جی ایچ کیو پر قبضے اور سب کور کمانڈرز کو قتل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا تو میری ساری خوش فہمی دھری کی دھری رہ گئی.

پھر مزید غور سے یہ خوفناک حقیقت منکشف ہو گئی کہ اگر ہم فوجی چیف کے اقتدار کا رستہ کھلا رکھیں تو بنیادی طور پر ہم خود پر خانہ جنگی کا دروازہ کھول رہے ہیں …وہ کیسے؟؟ وہ یوں کہ سول حکومت کا تختہ الٹتے وقت ضروری نہیں کہ سب کور کمانڈرز کی ایک ہی رائے ہو …اور ہر کور کمانڈر کے پاس پچاس ہزار کے قریب سپاہ موجود ہے …اگر وہ مزاحمت پر اترآئے اور چیف سے لڑ جائے تو دشمن ممالک کی تو لاٹری نکل آئی…وہ تو بغیر کسی محنت کے اتنی بڑی فوج کو آرام سے شکست دےلیں گے..گویا فوجی حکومت تو وطن کی شکست اور غلامی کا ایک ممکنہ چور رستہ ہے..

Advertisements
julia rana solicitors london

میرے بعض دوست افسران سے اس بارے بحث بھی ہوئی تو وہ فرمانے لگے کہ پاک فوج میں کبھی خانہ جنگی نہیں ہو سکتی …ہم لوگ بڑے تیز ہیں اور ہماری انٹیلی جنس کسی بھی ایسی صورتحال میں باغی کور کمانڈر کو باندھ کر چیف کے سامنے لا پھینکے گی…میں تو اس توضیح سے مطمئن نہ ہوا آپ کا مجھے پتہ نہیں..بھئی جو کور کمانڈر فوج کی ہر ایچی بیچی کو جانتا ہو ، وہ بغاوت کرتے وقت یہ سب چیزیں دیکھ کر ہی آگے بڑھے گا…دائی سے حمل چھپا ہوا نہیں ہوتا …اس لئے یہ سول حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار میں آنے والا آپشن مجھے تو ہر لحاظ سے ملکی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک بلکہ موت کے منہ میں جانے کی طرح لگتا ہے…اسی لئے اس طرح کے ہر قدم کو آئین بھی درست طور پر سنگین غداری یا High Treason کہتا ہے..لیکن خیر ملک کی پرواہ ہی کسے ہوتی ہے ؟؟ ذاتی اقتدار کے لئے قوم کی قسمت سے جوا کھیلتے ہوئے مشرف یا ضیاء نے ایک لمحہ بھی نہ سوچا؟۔۔

Facebook Comments

ثاقب چوہدری
ثاقب چوہدری سعودی جامعہ میں عشرہ بھر تدریس کے بعد اب کینیڈا میں ایک لیموزین فلیٹ ، تدریس ، اور متعدد موضوعات پر خامہ فرسائی میں خود کو مصروف رکھتے ہیں......

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply