فیس بک نے پوری دنیا میں فیس بک واچ کے نام سے ویڈیو سروس متعارف کرا دی، جس کے ذریعے ویڈیو آن ڈیمانڈ کی طرز پر ٹی وی شوز اور دیگر ویڈیوز دیکھی جاسکیں گی۔ گوگل کے یو ٹیوب پلیٹ فارم کی طرز پر اب فیس بک نے بھی فیس بک واچ کے نام سے ویڈیو سروس پیش کردی ، جسے ایک سال تک تجرباتی طور پر امریکا میں چلایا گیا اور اب پوری دنیا کے لوگ اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اس کے لئے فیس بک ایپ میں نیچے کی جانب ایک پلے بٹن کا اضافہ کیا گیا ، جسے آپ آج سے ہی دیکھ سکتے ہیں۔ فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس آج سے پوری دنیا کیلئے پیش کی جاری ہے۔ فیس بک دنیا بھر میں ویڈیو سازوں اور پبلشروں کی دو طرح سے مدد کرنا چاہتی ہے۔ اول کہ وہ اس طرح کچھ رقم بنا سکیں اور دوم یہ دیکھ سکیں کہ ان کی ویڈیوز کس حد تک موثر ہیں، فیس بک کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس وقت ریڈ ٹیبل ٹاک اور حسن کی صنعت سے وابستہ ہوڈا کیٹان کا ہوڈا بوس شو دکھایا جارہا ہے جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں پی جی اے ٹور اور میجر لیگ بیس بال کے میچز بھی شامل ہیں۔ فیس بک کے مطابق اس کے پانچ کروڑ صارفین نے مہینے میں کم از کم ایک منٹ تک انہیں ضرور دیکھا ہے۔ اگلے مراحل میں رونالڈو اور کیتھرین زیٹا جونز کے پروگرام بھی اس سروس کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔ فیس بک درمیان میں اشتہارات کے ذریعے معاوضہ کمائے گی، جس کا ایک حصہ ویڈیو ساز اداروں کو بھی دیا جائے گا۔ فیس بک نے ویڈیو چینلز کیلئے رقم کمانے کی شرائط میں بہت نرمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لئے ضروری صرف 10ہزار فالوورز ہوں یا پھر ایک ماہ میں 30 ہزار مرتبہ کسی نے بھی کم از کم ایک منٹ تک ان کی ویڈیو دیکھی ہو۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں